• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فیض آباد دھرنا،خادم رضوی کیخلاف  حکومت نے 3 مقدمات واپس لے لئے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پراسیکیوشن کی استدعا پر فیض آباد دھرنا کیس کے ملزمان خادم حسین رضوی اور دیگر دھرنا قائدین کے خلاف 3 مقدمات کو واپس لیتے ہوئے مزید کارروائی روک دی ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق مقدمات کی نئے سرے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں،پیر کو سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی میں کہا گیا کہ مقدمات کی نئے سرے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد دوبارہ چالان جمع کروایا جائے گا۔ پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ نیا چالان جمع کرائے جانے تک کیس کی سماعت نہ کی جائے۔ عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمات پر مزید کارروائی روک دی اور بعدازاں سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ گزشتہ برس نومبر میں اسلام آباد کے فیض آباد انٹرچینج پر مذیبی جماعت تحریک لبیک کی جانب سے دھرنا دیا گیا، جو تقریباً 22 روز بعد ختم ہوا تھا، جبکہ اس دوران توڑ پھوڑ اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

تازہ ترین