• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ذہنی دباؤ سے نجات مشکل نہیں...!!

محمّد علیم نظامی، لاہور

مختلف مسائل کے سبب، زندگی میں ہر فرد کبھی نہ کبھی ذہنی دباؤ کا شکارضرورہوتا ہے۔اگرتو اس دباؤ پر قابو پالیا جائے، توہر طرح کے حالات سے نبرد آزما ہونے کا حوصلہ ملتا ہے، لیکن اگر دباؤ تلے دب گئے، تو پھر نہ صرف ہر راہ بندمحسوس ہوتی ہے، بلکہ کئی بیماریاں لاحق ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ 

عموماً ذہنی دباؤ کے شکار افراد سُکون حاصل کرنے کے لیے ادویہ بھی استعمال کرتے ہیں۔اور پھر ایک وقت ایسا بھی آتا ہے، جب ان کے بغیر گزارا ہی نہیں ہوتا۔توآج ہم آپ کو کچھ ایسی مفید ٹپس دے رہےہیں، جو ذہنی دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔

٭حالات چاہے کتنے ہی گمبھیر کیوں نہ ہوں، خود کو پُرسُکون رکھنے کی کوشش کریں اور منفی باتوں کے بھی مثبت پہلو تلاش کریں۔

٭کسی باغ میں چلے جائیں اور گھاس پر ننگے پائوں ٹہلیں۔اس دوران ناک سے گہرےسانس لے کر مُنہ کے ذریعے خارج کریں۔ایک تو سبز رنگ اور پھر یہ عمل طبیعت پر اچھے اثرات مرتّب کرتا ہے۔

٭تلخ باتوں پر توجّہ دینے کی بجائے، اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کا شمار کریں اور شُکر ادا کریں۔

٭ذہن میں بار بار یہ دہرائیں، ’’جو لوگ اپنی مدد آپ نہیں کرتے، اللہ بھی ان کے حالات درست نہیں کرتا۔‘‘اس سے جدوجہد کی تحریک پیدا ہوتی ہے۔

٭ذہنی دبائو کی ایک وجہ غصّہ بھی ہے۔غصّے کی حالت میں خون کا دباؤ غیر معمولی طور پر بڑھ جاتا ہے، جو فالج کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ کوئی بھی پریشانی مستقل نہیں ہوتی، لیکن فالج عُمر بَھر کے لیے مفلوج کردیتا ہے۔ لہٰذا غصّے کو جس حد تک کنٹرول کرسکتے ہیں، کرنے کی کوشش کریں۔

٭جب ذہنی دباؤ محسوس ہو، تو کسی ایسے مثبت تعمیری کام میں مشغول ہوجائیں، جو مزاج پر خوش گوار اثرات مرتّب کرے۔

٭مُسکراتے رہنے کی عادت ڈالیں اورکبھی کبھار جی کھول کر بھی ہنسیں۔

٭اللہ سے پانچ وقت رجوع کریں اور دُعا مانگیں۔

٭جلد سونے اور صبح سویرے اُٹھنے کی عادت بھی ذہنی دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

٭روزانہ ورزش کومعمول بنالیں۔

٭آپ جسے خود سے بہت قریب محسوس کرتے ہیں، اُسے اپنا مسئلہ بتائیں، بعض اوقات مسئلہ بیان کرتے ہوئے، اُس کا حل بھی مل جاتا ہے۔

٭اگر صاحبِ اولاد ہیں، تو بچّوں کے سامنےہر وقت مسائل کارونا نہ روئیں۔ اس طرح وہ بھی پریشان ہوجاتے ہیں۔اورپھر اُن کے چہرے دیکھ کر آپ مزید دباؤ میں آجائیں گے۔

تازہ ترین