• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے20 ایم پی اے بکائو نکلے، شناخت کرلی، سب کو شوکاز دیدیئے، عمران

میرے20 ایم پی اے بکائو نکلے، شناخت کرلی، سب کو شوکاز دیدیئے، عمران

اسلام آباد (ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے والے 20پارٹی ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم نے ضمیرفروشوں کی شناخت کرلی ہے ‘اگران ارکان نے شوکازکا جواب نہ دیاتو پارٹی سے نکال دیں گے اوریہ افراد بیگناہ ثابت نہ ہوئے تومعاملہ نیب کوبھیج دینگے، تیس سے چالیس سال ووٹ بکتا رہا ہے ،ملکی تاریخمیں پہلی بار ایکشن لیا ہے‘کیا دوسری جماعتوں میں اتنی جرات اور اخلاقی طاقت ہے کہ اپنے ضمیر فروش ارکان کو نکالیں؟۔ نواز شریف کو ملک سے باہر نہیں جانے دینا چاہئے تھا، یہ کرپشن کی یونین ہے،ن لیگ جمہوریت کے پیچھے چھپ رہی ہے‘کونسی جمہوریت کرپشن کی اجازت دیتی ہے‘جنوبی پنجاب محاذ سے بات چیت چل رہی ہے، ٹکٹ دینے کیلئے کوئی پیسہ مانگ رہاہے تو بتائیں اس کیخلاف کارروائی ہوگی‘29 اپریل کو پتہ چل جائے گا عوام کس کے ساتھ ہیں۔ وہ بدھ کو بنی گالہ میں پارٹی کی مرکزی قیادت کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کررہے تھے ۔دوسری جانب ووٹ بیچنے کے الزام پر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کا موقف بھی سامنے آنا شروع ہوگیا ‘اکثرارکان نے الزامات کو بے بنیادقراردیکر مسترد کردیاہے۔ پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ سینیٹ میں پیسے لیکر بکنے والوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی ، کون ملوث ہیں ، کئی نام ہمیں شروع ہی میں مل گئے تھے‘ عمران خان نے کہا کہ ہمارے ایم پی ایز کو 4، 4 کروڑ روپے کی پیش کش ہوئی اور جن لوگوں نے ووٹ بیچے انہیں شوکاز نوٹسز جاری کر رہے ہیں‘جنہوں نے اپنا ووٹ بیچا وہ ہماری پارٹی میں مزید نہیں رہ سکتے‘ بیس ایم پی ایز کو پارٹی سے نکالنا برداشت کرسکتے ہیں مگر ضمیر فروشی نہیں‘ہم نے ووٹ بیچنے والوں کو نہیں چھوڑنا‘جنہوں نے اپنا ووٹ نہیں بیچا وہ شاباشی کے مستحق ہیں۔عمران خان نے اعلان کیا کہ بیس ارکان کو پی ٹی آئی سے نکال رہا ہوں ان کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائیگا۔ جس جس ایم پی اے نے ووٹ بیچا اس کا نام نیب کو دے رہے ہیں تاکہ ان کے بینک اکائونٹس چیک کریں ‘انہوں نے بتایا کہ ووٹ بیچنے والوں میں نرگس علی، دینا ناز، نگینہ خان ، فوزیہ بی بی ، نسیم حیات ، سردار ادریس ، عبید مایار ، زاہد درانی، عبدالحق ، قربان خان، امجد آفریدی، عارف یوسف، جاوید نسیم، یاسین خلیل، فیصل زمان، سمیع علی زئی ،معراج ہمایوں ، خاتون بی بی، بابر سلیم اور وجیہہ الدین شامل ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملزم کو پروٹوکول دیا جارہا ہے‘ نواز شریف کے ملک سے باہر جانے پر سخت تحفظات ہیں‘ نواز شریف کیخلاف کیسز آخری مراحل میں ہیں‘بیرون ملک جانے سے ان کے کیس میں فیصلہ نہیں آسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ 29 اپریل کو مینار پاکستان پرہونیوالے جلسے میں اتنے لوگ شرکت کرینگے کہ کبھی پہلے کسی جلسے میں اتنے لوگ شریک نہیں ہوئے ہونگے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے سیمینار کے موقع پر نواز شریف کیساتھ موجود لوگوں کو ڈر ہے کہ کل ان کی باری آئیگی ، یہ لوگ ووٹ کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ سے پی ٹی آئی میں آنیوالے وجیہہ الزمان نے بھی ووٹ بیچا ہے جب سے سینیٹ انتخابات شروع ہوئے ہیں اراکین اپنے ووٹ بیچتے رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ جمہوریت کے پیچھے چھپ رہے ہیں ، کونسی جمہوریت کرپشن کی اجازت دیتی ہے‘یہ کرپشن کی یونین ہے جو جمہوریت کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا ٹکٹ لینے کیلئے اگر کسی نے پیسہ دیا تو وہ ضائع ہوگا۔

تازہ ترین