• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے ووٹ بیچنے والے ارکان سامنے لاکر اچھا کیا،طارق فضل

عمران نے ووٹ بیچنے والے ارکان سامنے لاکر اچھا کیا،طارق فضل

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق وزیر خزانہ نوید قمر نے کہا ہے کہ نیب نے نواز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کیلئے لکھا تھا مگر وزیرداخلہ نے اس پر عمل نہیں کیا، امید ہے پی ٹی آئی نے پارٹی ارکان کو شوکاز ٹھوس ثبوتوں پر دیئے ہوں گے، نئی حلقہ بندیوں پر کسی کو عدالت سے ریلیف مل جاتا ہے تو الیکشن میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔پروگرام میں وفاقی وزیر برائے کیڈ طارق فضل چوہدری،وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ اور سابق پراسیکیوٹر نیب بیرسٹر شہزاد اکبر بھی شریک تھے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے ووٹ بیچنے والے ارکان سامنے لاکر اچھا کام کیا ہے، ن لیگ بھی اس حوالے سے کام کررہی ہے،الیکشن وقت پر ہونے کے میرے یقین کو حوصلہ چیف جسٹس کے بیان سے ملا ہے۔کامران مرتضیٰ نے کہا کہ انتخابات وقت پر کروانا چیف جسٹس نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہے۔شہزاد اکبر نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن میں جانے سے قبل بیس ارکان کو شوکاز دے کر بڑا رسک لیا ،شریف خاندان کے وکلاء جرح میں پراسیکیوشن کا کیس کمزور ثابت نہیں کرسکے۔نوید قمر نےکہا کہ امید ہے پی ٹی آئی نے پارٹی ارکان کو شوکاز ٹھوس ثبوتوں پر دیئے ہوں گے، وزیراعظم پاکستا ن بغیر ثبوت کے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب پر الزام لگارہے ہیں، پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے ووٹ فروخت کیے ہوتے تو ان سے پوچھ گچھ کی جاتی، نیب نے نواز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کیلئے لکھا تھا مگر وزیرداخلہ نے اس پر عمل نہیں کیا، ایک شخص کو پاکستان آنے اور ریفرنس بننے سے پہلے ای سی ایل میں ڈال دیا جاتا ہے جبکہ ایک دوسرے شخص کا ٹرائل چل رہا ہے لیکن اسے ای سی ایل میں نہیں ڈالا جارہا، پیپلز پارٹی نیب کا پہلا ٹارگٹ تھا ،پیپلز پارٹی کی قیادت کو وفاداریاں تبدیل کروانے اور خراب کرنے کیلئے ٹارگٹ کیا گیا تھا، مجھے بھی وفاداری تبدیل کرنے کیلئے کہا گیا تھا، فاروق اعظم خود اڈیالہ جیل میں مجھے ملنے آئے تھے، وہ مجھ پر نفسیاتی دباؤ ڈالنے کیلئے میری بیگم کو ساتھ لائے تھے۔ نوید قمر نے بتایا کہ پی اے سی نے نیب سے تین گنا زیادہ پیسہ ریکور کیا ہے، عدالتیں اسٹے آرڈرز جلدی فارغ کردیں تو پاکستان کا بہت سے پھنسا ہوا پیسہ واپس مل سکتا ہے، اگر کوئی شخص نئی حلقہ بندیوں پر عدالت جاتا ہے اور اسے وہاں ریلیف مل جاتا ہے تو الیکشن میں تاخیر ہوسکتی ہے۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے ووٹ بیچنے والے ارکان سامنے لاکر اچھا کام کیا ہے، ن لیگ بھی اس حوالے سے کام کررہی ہے، منگل کو سیمینار میں نواز شریف نے بھی لوٹوں کو اگلے الیکشن میں ٹکٹ نہ دینے کی بات کی تھی، نواز شریف اور شرجیل میمن پر الزامات میں بہت فرق ہے، شرجیل میمن پانچ ارب روپے کی کرپشن کے الزام کے بعد ملک سے فرار ہوگئے تھے، نواز شریف پر کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت نہیں ہوسکا ہے۔ طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے خلاف کیس کا پتہ اخبارات کے ذریعہ چلا ابھی نوٹس نہیں ملا، مشال اوباما کی طرف سے ہماری وزارت کو 70ملین ڈالر دور کی بات ایک ڈالر بھی نہیں ملا، نیب نے ایسے ادارے میں کرپشن کا الزام بھی لگایا جس کا بجٹ دو کروڑ روپے ہے جو سب تنخواہوں میں چلا جاتا ہے وہاں کوئی کیا کرپشن کرے گا، ایف ڈی ای میں ہم نے اسلام آباد کے اسکولوں کی حالت بہتر بنائی، ان اداروں میں جو کام کیے اس پر مجھے فخر ہے، دوبارہ موقع ملا تو اس سے دگنا کام کروں گا۔ وزیر برائے کیڈ کا کہنا تھا کہ 2008ء میں پہلی دفعہ ایم این اے بننے کے بعد سے میرے اثاثے مسلسل کم ہورہے ہیں، ہمارے تحت اداروں کی کچھ نوکریوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسٹے دیا ہوا ہے اور کچھ سپریم کورٹ نے بند کی ہوئی ہیں۔

تازہ ترین