• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیام امن کے بغیر ترقی و خوشحالی کا حصول ممکن نہیں۔ یہی پاکستان کا بیانیہ ہے کہ پاکستان سے زیادہ امن کی قیمت کسی اور نے نہیں چکائی۔ علاقائی امن کیلئے کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بدھ کے روز ازبکستان کے صدر کی زیرنگرانی کام کرنے والی سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل محمدوف وکٹر ولادی میروچ کی قیادت میں وفد سے جی ایچ کیو میں ملاقات میں کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اورعلاقائی استحکام کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں سراہا۔مغربی میڈیا کے پروپیگنڈے سے متاثر، خاص طور پر مغربی ممالک زبان سے چاہے اقرار نہ کریں لیکن یہ حقیقت ان سے پوشیدہ نہیں کہ عالمی امن کیلئے جس ملک نے اہم ترین کردار ادا کرکے دہشت گردی کے فتنے کی گوشمالی کی، وہ پاکستان ہے۔ افواج پاکستان نے سخت ترین حالات میں بیک وقت بیرونی و اندرونی جارحیت کامقابلہ کیا اور اپنی پیشہ ورانہ لیاقت و جوانمردی سے ہرقسم کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا۔ اس کے باوجود امریکی دبائو دراصل ایک سفارتی چال تھی کہ پاکستان امریکہ کو بھی طالبان کے قہر سے بچائے، جس پر آرمی چیف کا موقف انتہائی جاندار تھا کہ ’’صرف اس کے ساتھ چلیں گے جوہماری قربانیوںکااعتراف کرے گا۔‘‘ اس پر تلملایا ہوا امریکہ دھمکیاں بھی دے رہا ہے اور پاکستان دشمن ممالک کو بھی مضبوط کررہا ہے۔ پاکستان بفضل خدا پائیدارامن کی منزل کے قریب ہے اور اقتصادی راہداری بھی جلد تعبیر کی صورت میں سب کےسامنے ہوگی۔ان حالات میں دنیا کے حقیقت پسند ممالک کا پاکستان کی طرف جھکائو لازم تھا اور پاکستان کو بھی دنیا بھر میں دوستوں کی ضرورت ہے۔ خطے کے ممالک کو پاکستان سے تعلقات استوارکرکے امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ پاکستان کےآرمی چیف کا عزم سب کو یقین دلانے کیلئے کافی ہے کہ ’’پاکستان علاقائی امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا‘‘

تازہ ترین