• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارتھ کراچی میں اشتعال انگیز حرکت پر ہنگامہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر )نارتھ کراچی میں نامعلوم افراد کیجانب سے مبینہ طور پر مرکزی شاہراہ پر چاک سے اسم اللہ اور اسم محمد ﷺکی بے حرمتی کرنے کی کوشش ، مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی ،نامعلوم ملزمان کے خلاف مذہبی منافرت پھیلانے کا مقدمہ درج ۔تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی پاور ہاوس کے قریب میں نامعلوم افراد نے مرکزی شاہراہ پر چاک سے مبینہ طور پر اسم اللہ اور اسم محمد ﷺ کی بے حرمتی کی کوشش کی،ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر رضوان خان کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک رکشہ ڈائیور نے اطلاع دی کہ نامعلوم شخص یا اشخاص نے نارتھ کراچی سیکٹر اے میں ناگن چورنگی سے سرجانی ٹاؤن جانے والی مرکزی شارع عثمان پر چاک سے اسم اللہ اور اسم محمد ﷺ نام لکھ کر بے حرمتی کی جس سے علاقہ مکینوں میں اشتعال پھیل گیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس جب وہاں پہنچی تو وہاں پر ایسا کوئی معاملہ نہیں تھا نہ ایسے نام کہیں لکھے نظر آئے ،واقعہ کی اطلاع پھیلنے پر لوگوں کی بڑی تعداد اس مقام پر جمع ہوگئی اور انہوں نے احتجاج شروع کر دیا ،مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کر دیا اور روڈ کو ٹریفک کے لیئے بند کر دیا۔مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی کے دوران ایک گاڑی میں سوار خاندان وہاں پہنچا تو مشتعل افراد نے غلط فہمی کی بنا پر گاڑی میں سوار خاندان کو سڑک پر گھیرے میں لے لیا۔ایس ایس پی کے مطابق ہجوم میں گھر جانے والے گاڑی سوار شخص جسکے ساتھ اسکی اہلیہ اور والدہ بھی سوار تھیں نےاپنے لائسنس یافتہ پستول سے بوکھلا کر ہوائی فائرنگ کردی، جس سے ہجوم میں بھگدڑ مچ گئی، گاڑی میں سوار شہری وہاں سے تیزی سے فرار ہوا تو بعض افراد نے اس کا پیچھا کرنا شروع کر دیااور اسی علاقے میں اس کے گھر تک جا پہنچے اور گھر پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ اس دوران پولیس بھی وہاں پہنچ گئی اور مذکورہ فیملی کو تحفظ دیا اور انکے گھر کے باہر سیکورٹی لگا دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والے5افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جنھیں مذاکرات کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔پولیس نے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کرنے والے نامعلوم شخص /افراد کے خلاف سرسید ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
تازہ ترین