• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگر کے خلاف دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ کو کیس کا حصہ بنانے کی درخواست منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گرد ی کی عدالت نے ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگر کے خلاف دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس میں رینجرز کی جانب سے جے آئی ٹی رپورٹ کو کیس کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کرتے ہوئے جے آئی ٹی کی اصل کاپی 15مئی تک طلب کرلی ہے ۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی ۔جمعرات کو انسداددہشت گردی عدالت میں دہشتگردوں کے علاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔عدالت میں انیس قائمخانی ،رئوف صدیقی، قادر پٹیل پیش ہوئے ۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم کی جے آئی ٹی رپورٹ کو کیس کا حصہ بنانے کی درخواست پر فیصلہ سنا تے ہوئے اسے کیس کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کرلی ہے ۔رینجرز کے وکیل کے مطابق عدالت نے جے آئی ٹی کی قانونی حیثیت کو تسلیم کرلیا ہے ۔عدالت نے جے آئی ٹی کی اصل کاپی طلب کرتے ہوئے سماعت 15مئی تک ملتوی کردی ۔دوران سماعت عدالت نے ڈاکٹرعاصم حسین کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور جبکہ سلیم شہزاد کی بریت سے متعلق درخواست پر دلائل موخر کردیئے ۔واضح رہے کہ مقدمے میں ڈاکٹر عاصم،مئیر کراچی وسیم اختر،انیس قائم خانی،رئوف صدیقی،قادر پٹیل،عثمان معظم اور سلیم شہزاد نامزد ہیں۔مئیر کراچی وسیم اختر کو مقدمے میں حاضری سے استثنیٰ ملا ہوا ہے ۔
تازہ ترین