• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے ریفرنڈم، گرینڈ الائنس نے کامیابی حاصل کرلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے ) میں سودا کار یونین ( سی بی اے ) کے تعین کیلئے ہونے والے ملک گیر ریفرنڈم میں گرینڈ الائنس’’جہاز‘‘ نے کام یابی حاصل کرلی۔الائنس میں پیپلز یونٹی، یونائیٹڈ ورکرز یونین (پی آئی بی)، پیاسی یونین، انصاف فرنٹ، اسکائی ویز اور ایئر لیگ ( پھول گروپ ) شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں ہونے والے ریفرنڈم میں پی آئی اے کے گروپ ایک سے 4 تک کے 7623 ووٹرز میں سے 6302رائے دہندگان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق گرینڈ الائنس نے 4228 ووٹ لے کر کام یابی حاصل کی۔ جبکہ اس کے مدمقابل دو سالہ مدت مکمل کرنے والی سی بی اے یونین ایئرلیگ اور اس کی اتحادی یونائیٹد ورکرز یونین کو 1888 ملے، جنہوں نے ’’گنبد‘‘ کے مشترکہ نشان پر ریفرنڈم میں حصہ لیا۔قبل ازیں پولنگ صبح 9سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی ، جس کیلئے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، فیصل آباد، بہاول پور، سیالکوٹ، رحیم یار خان اور سکھر میں پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔ جبکہ دیگر چھوٹے اسٹیشنز پر تعینات عملے اور کریو کی جانب سے 9 اپریل سے پوسٹل بیلٹ ( بذریعہ ڈاک ووٹ ) کا سلسلہ پہلے ہی شروع ہو چکا تھا۔ دریں اثناء ریفرنڈم میں کام یابی کے بعد گرینڈ الائنس کے کارکنوں نے خوشی میں جشن منایا، ایک دوسرے کو مبارک باد دی اور مٹھائی کھلائی۔ جبکہ ریفرنڈم کے دوران دن بھر کراچی ایئر پورٹ اور اس کے اطراف میں گہما گہمی جاری رہی اورفریقین کے حمایتی کارکن زور دار نعرے لگاتے رہے۔ مزید برآں جیتنے کے بعد گرینڈ الائنس کے رہنمائوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ کسی طور پی آئی اے کی نج کاری نہیں ہونے دیں گےاور قومی ایئر لائن کی بہتری اور اس کی ترقی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔
تازہ ترین