اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے آغا سراج خان درانی سپیکر سندھ اسمبلی اور غلام محمد عمر فاروق سیکرٹری سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر میں مبینہ طور پر غیرقانونی تقرریوں کی شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے آمدن سے زائد مبینہ اثاثوں کی بھی جانچ پڑتال کا ڈی جی نیب کراچی کو حکم دیا ہے۔ چیئرمین نیب نے وفاقی وزیر ریلوے اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4500ہارس پاور لو کو موٹیوز (ریلوے انجن)اور ٹریک مرمت کرنے والی مشینوں کی خریداری میں مبینہ طور پر قومی وسائل کا بے دریخ استعمال اور پاکستان ریلوے کی قیمتی زمین لاہور میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لیز پر دینے کی مبینہ شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے ۔ چیئرمین نیب نے شاہ زرشمون سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائز یشن اور ممبرر یونیو سندھ کے خلاف نیب نے 530ایکٹر سرکاری زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے کے الزام میں احتساب عدالت کراچی میں ریفرنس دائر کیا ہے ۔ جس پر قانون کے مطابق کاروائی جاری ہے ۔ چیئرمین نیب نے شاہ زر شمون سابق سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن اور ممبر ریونیو بورڈ سندھ کے خلاف چار انکوائریاں اور ایک انوسٹی گیشن کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ مزید برآں نیب نے شاہ زر شمون کو واپس لانے کےلئے انٹر پول کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئرمین نے منظور قادر سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنڑول اتھارٹی کے خلاف نیب نے احتساب عدالت کراچی میں ریفرنس دائر کیا ہے جس پر قانون کے مطابق کاروائی جاری ہے ۔ چیئرمین نیب نے منظور قادر کے خلاف تین انکوائریاں اور دو انوسٹی گیشن کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ مزید برآں نیب نے منظور قادر کو واپس لانے کےلئے انٹر پول کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اے این این کےمطابق سات ممبران بلوچستان اسمبلی ، وزراء، سول اورعسکری افسران کے خلاف مبینہ کرپشن کی جانچ پڑتال، انکوائری و تحقیقات کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان، ڈی جی پلاننگ ، سابق چیئرمین بی ڈی اے، سابق ایم ڈی واساسمیت متعدد دیگر کرپٹ عناصر کے خلاف ریفرنسز دائرکردیئے گئےجبکہ وزیر خوراک ، سیکرٹری خوراک سمیت 5 افراد گرفتارکرلئے گئے ہیں۔ مختلف محکموں میں کرپٹ عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرکے 15 کروڑ کا چیک بلوچستان حکومت کے حوالے کردیاگیا ہے،47 کروڑ ریکور کئےجبکہ سوا ارب کی جائیدادیں بلوچستان حکومت کے نام کردی گئیں۔چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے تحقیقاتی ٹیم کی تحقیقات کی روشنی میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ افضل جنجوعہ ، بریگیڈئر ریٹائرڈ افتخار مہدی کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی جبکہ سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان علی ظہیر ہزارہ، ڈی جی پلاننگ منظور سرپرہ، سابق چیئرمین بی ڈی اے انور سادات، سابق ایم ڈی واسا حامد لطیف رانا سمیت متعدد دیگر کرپٹ عناصر کے خلاف اربوں روپوں کی مبینہ کرپشن میں ریفرنسز دائر کئے گئے۔