• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ نے نگراں وزیراعظم کا اختیار پیپلزپارٹی کو دے دیا

ن لیگ نے نگراں وزیراعظم کیلئے نام تجویز نہ کرنے کافیصلہ کرلیا

اسلام آباد (رپورٹ: اعزاز سید) مسلم لیگ (ن) نے نگراں وزیراعظم کے لئے نام تجویز نہ کرنے کافیصلہ کیا اور عملی طور پر اپنا یہ اختیار پیپلزپارٹی کو دے دیا ہے۔ اس طرح جون میں نگراں وزیراعظم کی متفقہ تقرری کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کی جانب سے یہ پیغام ملنے کے بعد گزشتہ 11؍ اپریل کو ملاقات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پیپلزپارٹی کے خورشید شاہ کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے۔ نگراں حکومت آئندہ جولائی میں عام انتخابات کرانے کی ذمہ دار ہوگی۔اس بات کا قوی امکان تھا اگر مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی دونوں ہی ناموں کے پینل تجویز کرتے تو متفقہ امیدوار پر اتفاق رائے نہیں ہوتا۔ نواز شریف کی جانب سےنگراں وزیراعظم کے نام تجویز کرنے سے دستبردار کا مقصد آصف علی زرداری کو منانا ہے جو ان پر شدید نقاد ہیں۔ اس حوالے سے خورشید شاہ نے اپنی پارٹی قیادت سے منظوری کے بعد تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں سے مل کر نگراں وزیراعظم کے نام پر غور کیا اور بتایا جاتا ہے کہ کچھ ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سینیٹر پرویز رشید نے تصدیق کی کہ ان کی جماعت مسلم لیگ (ن) نام تجویز کرنے کے اپنے اختیار سے دستبردار ہوگئی ہے اور چاہتی ہے کہ اپوزیشن اس منصب کے لئے اپنا امیدوار لائے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ نواز شریف نے نگراں وزیراعظم کے لئے نام نہ تجویز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رابطہ کرنے پر تحریک انصاف کے ترجمان فو اد چوہدری نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لئے نام خفیہ نہیں رکھا جانا چاہئے۔ 

تازہ ترین