• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
چھت پر باغبانی، سائبان اور بار بی کیو

فی زمانہ ہر ایک کی خواہش ہے کہ اپنی چھت ہوتاکہ زندگی آرام سے گزر سکے ۔ لیکن جن کے پاس چھت ہے وہ اس کا شاید صحیح فائدہ نہیں اٹھا پارہے ۔ اسی لیے ہم چاہتے ہیں کہ اگر آپ کے پاس چھت ہے تو اس پر باغبانی کریں، دوستوں کے ساتھ ہینگ آئوٹ کریں، سائبان ڈال کر شام کی ہوا کے مزے لیں، راتوں میں باربی کیو کے مزے لیں۔

اس کی وجہ یہی ہے کہ شہری علاقوں میں کھلے اور قابل کاشت مقامات کی کمی اور خاص کر ہم لوگوں کی سبزے سے دشمنی کی وجہ سے فضا میں گھٹن بڑھتی جا رہی ہے۔ شہروں میں پارکس ،سیر و تفریح اور سکون کے چند لمحوں کے لیے باغات وغیرہ کی کمی بہت محسوس ہوتی ہے۔ اس مسئلے کے پیش نظر آج کل ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ساتھ ترقی پذیر ممالک میں بھی نئی بنائی جانے والی عمارات میں چھتوں پر باغبانی کو فروغ مل رہا ہے۔ ، جس سے نہ صرف باغبانی کے شوقین افراد محدود جگہوں میں خوب صورتی کے ساتھ ساتھ اپنے شوق کو پورا کرسکتے ہیں بلکہ فضائی آلودگی میں کمی بھی کی جاسکتی ہے۔ 

اسی طرح چھتوں پر سبزیوں کی کاشت سے کسی حد تک ہماری گھریلو ضروریات بھی پوری ہوسکتی ہیں۔چھتوں پر سبزہ اگانے سےموسم کی شدت میں کافی حد تک کمی کی جا سکتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق کسی عمارت کی چھت پر یا اس کے آس پاس پودے اور درخت لگانے سے درجہ حرارت میں 3.6 سے 6.11 سینٹی گریڈ تک فرق لایا جاسکتا ہے۔ شہری علاقوں میں جہاں سورج کی تپش پکی عمارتوں اور کنکریٹ کے استعمال سے اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے، وہاں چھتوں پر باغبانی کے فروغ سے اچھے فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ چھتوں پر پودوں کی قرینے سے سجاوٹ سے نہ صرف ماحول پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ گنجان آباد علاقوں میں صاف ماحول بھی میسر آجاتا ہے۔

پاکستان میں اس وقت پودوں کی نرسریوں میں بہت سارے ایسے قسام کے پودے باآسانی دستیاب ہیں جنہیں گملوں میں لگا کر خوبصورتی کے ساتھ ساتھ فوائد بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ پودوں کے انتخاب کے دوران مدنظر رکھنے والی سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کے پاس دستیاب جگہ کتنی ہے، جس کی مناسبت سے پودوں کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ اگر جگہ چھوٹی ہے تو ایسے پودے منتخب کریں جنہیں زیادہ جگہ کی ضرورت نہ ہو۔ پودوں اور گملوں کے درمیان مناسب فاصلہ ضرور رکھیں۔ 

لیموں، انگوراور دیگر کئی اقسام کے پھلوں کے ایسےپودے بھی دستیاب ہیں جنہیں آسانی سے گملوں میں لگا کر کہیں بھی رکھا جاسکتا ہے۔ سبزیوں میں ٹماٹر، مرچ، پودینہ، دھنیا، بینگن، بھنڈی، توری، کریلا، کدو، گاجر، مولی اور دیگر کئی اقسام کی سبزیاں آسانی سے اگائی جاسکتی ہیں۔ سبزیاں اگا کر اپنے گھر کے کچن کی ضروریات کو کسی حد تک پورا کیا جاسکتا ہے۔ بس انہیں مناسب مقدار میں سورج کی روشنی کے ساتھ ساتھ پانی اور کھاد وغیرہ بھی دی جانی چاہئے۔ آرائشی پودے لگا کر ہم اپنے گھر کے ماحول کو خوبصورت بنا سکتے ہیں اور شہروں کے گنجان آباد علاقوں میں اپنے گھر کے کسی کونے یا چھت کو پر فضا بنا سکتے ہیں۔

چھت کے عظیم فوائد میں سے ایک یہ ہے کہ اس کے بہت سے استعمال ہوسکتے ہیں۔ ایک مہمان کے سونے کے کمرے سے لے کر ایک ہفتے کے آخر میں پر سکون جگہ، ایک مطالعہ کا کمرہ یا چھت پر باغ ۔ دو چیزیں واضح ہیں – استحکام بہت زیادہ ہے اور اس کے ساتھ آپ ایسا کرسکتے ہیں کہ اگر آپ کی چھت فلیٹ ہے تو پھر اسے مختلف انداز سے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

آپ کے گھر کے ماحول کو خوشگوار بنانے میں چھت پر لگے پودے یا سبزہ زاراہم کردار ادا کریںگے بلکہ آپ کی طبیعت پر بھی اس کے خوش گوار اثرات مرتب ہوںگے۔چھت پر موجود باغ آپ کو صاف ستھری اور تازہ ہوا فراہم کرے گا۔ صبح کے وقت یہ ہوا فرحت کا باعث ہوتی ہے۔

ایک بار آپ نے گھر کی چھت کو ہرا بھرا کردیا، اس پر جیو ٹیکسٹائل شیٹ سے سائبان بنادیا اور دبیراور بآسانی ادھر ادھر کیے جانے والے کائوچیز یا بین بیگ سیٹس رکھ دیےتو پھر گھرکی چھت پر سلگتے کوئلوں پر تکہ بوٹی سینکتے خوش گپیوں میں مصروف نوجوان ہوں گے یا پھر دوسری جانب سیاست سے لے کر عالمی حالات تک گرماگرم بحث کرتے بزرگ، میک اپ سے لے کر فیشن تک تمام جزئیات پر سیرحاصل گفتگو کرتی لڑکیاں اور باورچی خانے میں چٹنی ،سلاد، رائتے اور پراٹھوں کی تیاری کرتی خواتین،رونق لگارہی ہوں گی۔

دعوت چاہے باربی کیو کی ہو یا عید ملن پارٹی کی، اس کی کام یابی کا انحصار اس کی بہترین منصوبہ بندی پر ہوتا ہے۔ منظم طریقے سے دعوت کا اہتمام کیا جائے تو مہمان بھی لطف اندوز ہوتے ہیںاور اس کیلئے چھت سے بہتر کوئی وینیو نہیں ہے۔

اس کے علاوہ آپ اس چھت کو کیمپنگ کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں خاص کر اس وقت جب آپ کا دل کچھ مختلف کرنے کا چاہ رہا ہو۔ اس کے علاوہ آپ موسم اور آب و ہوا کی تبدیلی کے لیے اس کمرہ میں خود بھی کچھ دن کے لیے شفٹ ہوسکتے ہیں ۔ بلاشبہ یہ آپ کے دل و دماغ پر بہترین اثرات مرتب کرے گی۔اور آپ خود کو مکمل طور پر ایک نئے اور خوشگوار ماحول میں پائیں گے۔

تازہ ترین