• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتائیوں کے کلینک ایک ہفتے میں بند کرنے کا حکم

اتائیوں کے کلینک ایک ہفتے میں بند کیے جائیں: سپریم کورٹ

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے صوبہ خیبرپختون خوا میں اتائیوں کے کلینک ایک ہفتے میں بند کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سپریم کورٹ آف پاکستان پشاور رجسٹری میں صحت کی سہولتوں سے متعلق کیس کی سماعت کی جس کے دوران چیئرمین ہیلتھ کیئر کمیشن عدالت میں پیش ہوئے ،جنہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 15 ہزار اتائی ڈاکٹر ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ نے کتنے اتائیوں کے خلاف کارروائی کی اور کتنے اتائیوں پر پابندی لگائی گئی ہے؟وہ اتائی کہاں ہے جو اسپتال میں کام کرتے ہوئے گرفتار ہوا؟اتائی ڈاکٹر لوگوں کی زندگیاں تباہ کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ سے استفسار کہ آپ کی اپنی تنخواہ کتنی ہے؟جس پر سربراہ ہیلتھ کیئر کمیشن نے بتایا کہ ان کی تنخواہ 5 لاکھ ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ یہ کیسا صوبہ ہے جہاں چیف سیکریٹری 1 لاکھ 80 ہزار اور آپ 5 لاکھ روپے تنخواہ لے رہے ہیں،اتائیوں کے خلاف کارروائی کرنا آپ کی ڈیوٹی ہے۔

چیف جسٹس نے ایک ہفتے کے اندر صوبے میں تمام اتائیوں کے دواخانے بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

علاوہ ازیں سپریم کورٹ کی پشاور رجسٹری میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت بھی ہوئی ہے ۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے مختلف علاقوں سے پانی کے نمونے لے کر ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا۔


تازہ ترین