• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تعلیم میں مددگار ایجوکیشنل ایپس

ہم آئے روز اپنے بچوں کو موبائل کے زیادہ استعمال پر ٹوکتے رہتے ہیں جو ہر طور سے جائز ہے لیکن ہمارا ماننا ہے کہ اگر ہم ان کو روکنے ٹوکنے سے زیادہ موبائل اور جدید ٹیکنالوجیز کا مفیداور مناسب استعمال سکھادیں تو صورتحال کسی قدرتبدیل کی جاسکتی ہے ۔ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک تعلیم کے جدید ذرائع اپنا چکے ہیں دیگر ممالک کی طرح ہم بھی ان جدید ذرائع کو اپنا نے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں اور کسی قدر کامیاب بھی ہوچکے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اکیسویں صدی کے گیجٹس اور سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز کو اگر مفید اور کارآمد مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے تو یہ تعلیم کے اہم ٹولز کی صورت ابھرکرسامنے آسکتے ہیں تاہم جدید دنیا میں فیس بک ،انسٹاگرام،ٹوئٹر کے علاوہ بھی بہت سی ایپس موجود ہیں جن سے طالب علم اپنی تعلیمی کارکردگی میں اضافہ کرسکتے ہیں چونکہ موبائل یا ٹیبلیٹ ایک ایسا گیجٹ ہے جو ہر وقت بچوں کے پاس موجود رہتا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اس کے ذریعے آپ کسی بھی وقت کچھ سیکھ سکتے ہیں لہٰذا آج کچھ ایسی ہی ایجوکیشنل ایپس کا ذکر ہم آپ سے کرنے جارہے ہیں جن سے آپ دوران تعلیم بھرپور استفادہ کرسکتے ہیں۔

ایمیزون کینڈل (Amazon Kindle)

ایمیزون کینڈل کا ذکر ای بکس کے حوالے سے لکھے گئے ایک مضمون میں ہم پہلے بھی کرچکے ہیں۔ایمیزون کینڈل کا شمار روایتی طور پرتعلیمی کارکردگی بڑھانے والی ایجوکیشنل ایپس میں کیا جاتا ہے ۔ اس ایپ میں طلبہ کے لئے لاتعداد کتابوں کا خزانہ اور ریفرینس گائیڈ زموجود ہیں جنھیں بآسانی خرید کر ڈاؤن لوڈ کرکے پڑھا جاسکتا ہے ۔ اس ایپ نے کتاب اور مطالعہ کو بہت سہل کردیا

اور اب گئے وقت کی بات نہیں کہ کاغذ کی جگہ برقی کتاب لے گی جو اپنی مختصر جسامت میں ہزاروں صفحات کی گنجائش رکھتی ہے۔

ڈولنگو(Duolingo)

اگر آپ دوران تعلیم انگلش اردو کے ساتھ ساتھ کسی دوسری زبان کو سیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ڈولنگو ایپ بہترین انتخاب ؤ ہے یہ ایپلی کیشن طلبہ کو انگریزی، چینی ،عبرانی، یونانی، ویلش، ہسپانوی، فرانسیسی، جرمن، اطالوی، روسی، پرتگالی، ترک، ڈچ، آئرش، ڈینش، سوئیڈش، یوکرینی، پولش، ناروے اور ہنگری جیسی مشکل زبانیں سیکھ سکتے ہیں ۔ڈولنگو مختلف زبانیں سکھانے خاص طور مفت کورسز کروانے کے باعث خاصی مقبول موبائل ایپ ہے ۔چینی زبان کا کورس حال ہی میں اس ایپ میں شامل کیا ہے آپ گوگل پلے اسٹور پر جاکر Duolingo لکھ کر باآسانی تلاش کر کے اپنے اسمارٹ فون میں انسٹال کرسکتے ہیں۔

کورسیرا (Coursera )

کورسیرا ایک آن لائن اسکول ہے جس کے پاس آپ کے لئے سیکھنے سے متعلق بہت سی ورائٹی موجود ہے۔کورسیرا کا شمار معروف تعلیمی پورٹل سائٹ میں کیا جاتا ہےجہاں اینڈرائیڈ پروگرام سے لے کر میتھ اور سائنس سے متعلق ایک ہزار سے زائد کورسز کااہتمام کیا گیا ہے۔کورسز میں اساتذہ کا لیکچر،ریڈنگ اسائنمنٹ اورویڈیو کونٹینٹ کے ذریعے تعلیم دی جاتی ہے۔

کورس کے اختتام پر طلبہ کو سرٹیفیکیٹس بھی دیے جاتے ہیں۔اس ایپ پر کچھ کورس فری اور کچھ کورس معاوضہ کے عوض کروائے جاتے ہیں۔اگر آپ کورسیرا پر کوئی خاص مضمون اپنا نا چاہیں مثال کے طور ’’پروگرامنگ موبائل ایپلی کیشن اینڈرائیڈفار اینڈرائیڈ ہینڈ ہیلڈسسٹمز،کورس کرنا چاہیں توایپ پر جاکر اس کورس کا انتخاب کریںاورآٹھ ہفتوں پر مبنی اس کورس میں ایپلی کیشن کی بناوٹ ؟،نوٹی فیکیشن کیسے بنتی ہے؟ڈیٹا منظم کرنااور دوسرے ایپلی کیشن سے رابطہ کیسے رکھا جاتا ہے یہ سب بآسانی سیکھ پائیں گی ۔۔

اس تعلیمی ایپ کے ذریعے آپ سیکھنے کا عمل موبائل یاٹیبلیٹ کے ذریعے بھی پورا کرسکتے ہیں۔

آڈا سٹی(Udacity )

تعلیمی کارکردگی بڑھانے کے لئے آڈاسٹی کا انتخاب ایک بہترین انتخاب ہے ۔اس ایپ میں دیے گئے کورس میں اندراج کے ذریعے آپ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔آڈا سٹی ایپس کے ذریعے کئے جانے والے کورسز میںکمپیوٹر پروگرامنگ،ایپ ڈویلپمنٹ، آرٹیفیشل انٹیلی جینس اور مشین لرننگ جیسےکورس شامل ہیں۔اگرآپ اس ایپ کا خود کار طریقے سے سکھانے والا سسٹم منتخب کریں تو یہ مفت کورس ہے جس کے لیے آپ کو مستقل مزاجی اور سنجیدگی کے ساتھ کورس پر دھیان دینا ہوگا لیکن اگر آپ کلاسز لینا چاہیں تو اس کے لئے آپ کو فیس ادا کرنا ہوگی جو تقریبا 150امریکی ڈالر کے قریب ہے۔

اڈیمی(Udemy)

اڈیمی نامی اس ایجوکیشنل ایپ پر بھی طلبہ کے لئے کئی کورسز موجود ہیںاگر آپ ابتداء سے آغاز کرنا چاہتے ہیں تو اس ایپ کو انسٹال کرکے اینڈ رائیڈ فار بگنرز کور س سے شروع کریں۔ اگرچہ یہ کورس پروگرامنگ سے لے کرابتدائی سیکھنے والے افراد کے لئے یکساں مفید لیکن اس کورس میں داخلہ لینے والوں کے لئے جاوا سے متعلق معلومات کا ہونا ضروری ہے۔

تازہ ترین