• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میشا جھوٹی یا علی ظفر؟ دونوں کے حمایتی آمنے سامنے

میشا جھوٹی یا علی ظفر؟ دونوں کے حمایتی آمنے سامنے

کون سچا کون جھوٹا ، علی ظفر نے میشا کو ہراساں کیا یا میشا کے علی پر الزامات جھوٹے ہیں ، سب سچ جاننے کے لیے بے تاب ہیں ، میشا شفیع کے الزامات کے بعد علی ظفر کے خلاف مزید تین خواتین سامنے آگئیں ، سوشل میڈیا پر علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کردیے۔

ایک خاتون لیکچرر نے کہا کہ علی ظفر نے ان کی کزن کے ساتھ زبردستی کی کوشش کی ، اداکارہ عروا حسین اور ریہام خان نے بھی میشا شفیع کی حمایت کردی، کہا کہ میشا راک اسٹار ہے جو شکاریوں کے خلاف کھڑی ہوتی ہے ، فلم طیفا ان ٹربل میں علی ظفر کی ہیروئن اداکارہ مایا ، علی کے حق میں بول پڑیں، کہا کہ ان کے ساتھ شوٹ کرتے ہوئے کبھی ایسے اشارے نہیں ملے ، علی کو بیوی بچوں سے محبت کرنے والا پایا ۔

اداکارہ ریشم نے کہا کہ علی ظفر ایسا نہیں کرسکتے، پوری انڈسٹری انھیں جانتی ہے ، سوشل میڈیا پر بھی دونوں اسٹارز کے فین آمنے سامنے آگئے ۔

گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزام کی بازگشت جمعے کو بھی سنائی دیتی رہی، متعدد ساتھی اداکاروں اور ساتھیوں نے علی ظفر کی حمایت کی جبکہ تین اور خواتین علی ظفر کے خلاف اپنی گواہیاں لے کر سامنے آ گئیں، نجی یونی ورسٹی کی ایک خاتون لیکچرر نے الزام لگایا کہ علی ظفر نے ان کی کزن کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔

ایک میک اپ آرٹسٹ نے بھی علی ظفر پر الزام لگایا کہ علی ظفر نے کئی مواقع پر حد سے تجاوز کیا اور اخلاق سے گری ہوئی گفتگو کی، سوشل میڈیا پر ایک اور خاتون نے کہا کہ ایک تقریب میں سیلفی لینے کے دوران علی ظفر نے ان کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کی۔

دوسری جانب کچھ ساتھی اداکاروں نے علی ظفر کے حق میں بیان دیا ہے، فلم طیفا ان ٹربل میں علی ظفر کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ مایا علی نے کہا کہ علی ظفر کے ساتھ کام کرتے ہوئے ان کی جانب سے کبھی ایسا اشارہ نہیں ملا، علی ظفر کو بیوی بچوں سے پیار کرنے والا پایا۔

انھوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ لاہور اور پولینڈ میں ہوئی جہاں علی ظفر اپنے فارغ وقت میں فیس ٹائم پر اپنے بیوی بچوں سے بات چیت کرتے اور ان سے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے ملتے، اداکارہ ریشم نے بھی علی ظفر کی حمایت کی اور کہا کہ وہ ایسے آدمی نہیں جیسا ان پر الزام لگایا جا رہا ہے۔

ایک نمایاں سماجی شخصیت فرشتے اسلم نے کہا کہ علی ظفر اپنے کام سے لگن رکھنے والا فن کار ہے، ان کے بارے میں ایسی بات کی توقع نہیں کی جا سکتی، معاملہ کچھ اور لگتا ہے۔

علی ظفر کی حمایت میں زرقا طاہر نامی ایک خاتون بھی سامنے آئیں اور کہا کہ علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا جا رہا ہے مگر اس کے برعکس علی ظفر رقاصاؤں اور موسیقاروں کے ایک گروپ کو بدترین قسم کی جنسی ہراسانی سے بچانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور ان رقاصاؤں اور ان کے بچوں کی بحالی کے ایک مرکز کی مالی اور اخلاقی امداد کرتے ہیں۔

زرقا طاہر نے کہا کہ ان رقاصاؤں کو جنسی ہراسانی سے بچانے کے لیے ہم نے بہت سے لوگوں سے رابطہ کیا لیکن ان کی مدد کے لیے صرف ایک شخص سامنے آیا جس کا نام علی ظفر ہے۔

تازہ ترین