• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تارکین وطن کی ترکی سے یونان منتقل ہونے کی شرح بڑھ گئی، کئی گرفتار

تارکین وطن کی ترکی سے یونان منتقل ہونے کی شرح بڑھ گئی، کئی گرفتار

ایتھنز (نیوز ڈیسک) یونان میں مہاجرین کی آمد کے رجحان میں نمایاں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے، پچھلے چند روز میں بالخصوص زمینی راستہ اختیار کرتے ہوئے سیکڑوں تارکین وطن ترکی سے یونان پہنچے ہیں۔ ایتھنز حکام نے بتایا ہے کہ منگل کے روز 370افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق تارکین وطن دریائے ایوروس پار کرچکے تھے جو یونان اور ترکی کے درمیان واقع ہے۔ اتوار کو بھی140تارکین وطن کو حراست میں لیا گیا تھا۔ یونانی جزائر پر مہاجرین کو درپیش مسائل کے علاوہ ان تک پہنچنے میں رکاوٹوں کے تناظر میں ترکی کو شمالی مشرقی یونان سے ملانے والا زمینی راستہ ان دنوں کافی مقبول ہوتا جا رہا ہے، روایتی طور پر پناہ گزین سمندری راستے سے یونانی جزائر تک پہنچتے رہے ہیں لیکن اب اس روٹ کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے جس کے سبب مہاجرین یہ متبادل راستہ اختیار کر رہے ہیں۔ ترکی اور یورپی یونین کے درمیان طے پائے معاہدے کے باعث تارکین وطن کو یونان پہنچنے سے روکا جا رہا ہے۔ یونانی حکام کے مطابق دریائے ایوروس پار کرکے یونان پہنچنے والے فروری میں586اور مارچ میں1658کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر کے مطابق اس سال اب تک18ہزار32مہاجرین سمندری راستوں سے یورپ پہنچ چکے ہیں۔

تازہ ترین