• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین میں اصلاحات پر جرمنی اور فرانس کے سربراہ کی ملاقات

برلن( نیوز ڈیسک) فرانسیسی صدر عمانو یل میکرون نے جرمن دارالحکومت برلن میں چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات کی، گزشتہ روز ہونے والے اس سربراہ اجلاس میں یورپی یونین میں اصلاحات کے موضوع پر خاص طور پر بات کی گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ممالک جون میں طے شدہ یورپی یونین کے سربراہی اجلاس سے قبل اصلاحات کا ایک مشترکہ منصوبہ پیش کرنا چاہتےہیں۔ قبل ازیں فرانسیسی صدر میکرون نے یورپی پارلیمان سے اپنے خطاب کے دوران یورپی معاشی پالیسی سے متعلق اپنی تجاویز پیش کی تھیں۔ تاہم جرمنی میں حکمران اتحاد میں شامل 2 سیاسی جماعتوں سی ڈی یو اور سی ایس یو نے اس بارے میں اپنے تحفظات کااظہار کیا تھا۔ فرانسیسی صدر سے ملاقات کے بعد جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا کہ برلن اور پیرس کے درمیان اختلاف رائے کے باوجود امید ہے کہ دونوں ممالک یورپی یونین میں اصلاحات کے معاملے پر متفق ہوجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر کھلی بحث ہونی چاہئے مگر سمجھوتے کی صلاحیت بھی ہونی چاہئے۔ مرکل کا مزید کہنا تھا کہ یورپ اپنے مسائل مل کر ہی حل کرسکتا۔
تازہ ترین