• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن آرڈر میںغلطی، برطانوی سپرمارکیٹ نے ایک ’’کیلے‘‘کے 930 پونڈ چارج کرلئے

ناٹنگھم (نیوز ڈیسک)برطانوی سپر مارکیٹ ایسڈا کی جانب سے ایک آن لائن آرڈر میں غلطی کی وجہ سے ایک خاتون کو صرف ایک کیلے کے لیے 930 پونڈ چارج کیے گئے۔یہ رقم پاکستانی روپوں میں ڈیڑھ لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔ برطانوی شہر ناٹنگھم سے تعلق رکھنے والی بابی گورڈن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بل پر یہ دیکھ کر دنگ رہ گئیں کہ ایک کیلے کے لیے 11 پنس کی جگہ 930.11 پونڈ چارج کئے گئے تھے۔اس کی وجہ سے ان کی کریڈٹ کارڈ کمپنی کے فراڈ ڈپارٹمنٹ نے ادائیگی روک دی اور ان سے فوری رابطہ کیا۔ بابی گورڈن کا کہنا ہے کہ سپر مارکیٹ ایسڈا نے اس ’کمپیوٹر کی غلطی‘ کے لیے معافی مانگی ہے۔ بابی گورڈن کہتی ہیں کہ انھوں نے اپنے سات سالہ بیٹے سے کہا: ’تم پر لازم ہے کہ تم یہ کیلا کھاتے ہوئے بہت زیادہ لطف اندوز ہو اور ہر لقمے کی قدر کرو۔‘ بابی گورڈن کہتی ہیں کہ وہ اور ان کے شوہر بل دیکھ کر حیران رہ گئے مگر انھیں توقع نہیں تھی کہ یہ معاملہ اتنا بڑا ڈراما بن جائے گا۔’ہم نے سوچا یہ کوئی معمولی سی غلطی ہو گی اور ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ وہ ہمیں اتنا چارج کریں گے۔ مگر پھر ہم سے کریڈٹ کارڈ کمپنی نے رابطہ کیا کہ انھیں فراڈ کا شک تھا اور ایزڈا نے ہمیں چارج کرنے کی کوشش کی تھی!‘ایزڈا کے ایک ترجمان نے اس حوالے سے معافی مانگی ہے اور کہا کہ ان کی کمپنی سے بل میں غلطی ہوئی۔ان کا کہنا تھا: ’اگرچہ ہمارے کیلے بہت شاندار ہیں، تاہم ہم بھی اس بات سے متفق ہیں کہ وہ اتنے قیمتی نہیں اور واضح طور پر ہمارے سسٹم میں کوئی غلطی ہوئی ہے۔‘ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بابی گورڈن کے مشکور ہیں کہ انھوں نے اس پر توجہ دی اور انھیں اس غلطی سے مطلع کیا تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔
تازہ ترین