• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کمیونٹی بلجیم کی مقامی سیاست میں حصہ لے ، چوہدری ناصر محمد

برسلز(نمائندہ جنگ) برسلز کی ممتاز کاروباری شخصیت محمد تنویر نے ساتھیوں کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا۔ جس میں پاکستانی نژاد برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹرمنظور ظہور نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے وائس چیئرمین چوہدری بہار ناصر محمد نے بلجیم کی مقامی سیاست پر گفتگو کرتےہوئے کہا کہ ہمیں مقامی سطح پر سرگرم ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ہم یہاں ان کے سرکاری و غیر سرکاری شعبوں کا حصہ بن کر کمیونٹی کی بہتر طریقے سے مدد کریں ۔ انہوں نے اکتوبر2018 کے متوقع انتخابات میں حصہ لینے کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ ہمیں مقامی سیاسی سماجی پارٹیوں کے ونگ بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے سوشلسٹ پارٹی جو کہ بلجیم میں آباد دیگر اقوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے ہیں، دفتر بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہمیں تمام اختلافات اور دھڑے بندیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آپس میں متحد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بلجیم میں مقیم نئی نوجوان نسل کو کمیونٹی کی باگ دوڑ سنبھالنے کیلئے مقامی سیاست میں دلچسپی لینے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی نژاد ممبر برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور نے چوہدری ناصر محمد کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ہمیں بلجیم کی سیاست میں پڑھے لکھے اور قابل نوجوانوں اور خواتین کی ضرورت ہے جو آئندہ انتخابات میں حصہ لے کر کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے معاون ثابت ہوں۔ تقریب کے منتظم محمد تنویر نے پاکستان کے موجودہ سیاسی حالت پر بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی قوم کےجذبات مجروح کرکے ملک کو سیاسی اور معاشی بحران کا شکار کیا ہے۔ عوام پہلے کی نسبت زیادہ مسائل کا شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے مقامی سیاست کیلئے نئ اور پڑھی لکھی قیادت کو پاکستانی کمیونیٹی کے مسائل کے حل کیلئے ناگزیرقرار دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلجیم کے سرکردہ رہنما شیخ ماجد نے کہا کہ ہمیں مقامی سیاست میں دلچسپی کے ساتھ ساتھ پاکستانی سیاست کو بھی ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں جتنی ترقی میاں محمد نواز شریف اور ن لیگ کے حکومت میں آنے کے بعد ہوئی اس کا اگر موازنہ کیا جائے تو مسلم لیگ (ن)نے پاکستان کی معیشت اور ترقی کے لئے بڑا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں معصوم آصفہ کے ساتھ زیادتی اور قتل کو بھارتی بربریت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے۔ اس کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیاں اور کشمیری عوام کے ساتھ جبر و تشدد کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہ ہمیں اوورسیز میں متحد ہوکر ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھانی چاہئے۔
تازہ ترین