• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سسرالیوں کے تشدد سے مبینہ طورپر 4 بچوں کی ماں ہلاک

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سٹی تھانے کی حدود میں سسرالیوں کے تشدد سے مبینہ طورپر 4 بچوں کی ماں ہلاک ہوگئی، لطیف آبادنمبر 9 میں گھریلو تنازع پر نوجوان نے خود کشی کرلی، دونوں کی لاشیں سول اور بھٹائی ہسپتال لائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سٹی تھانے کی حدود تلک چاڑھی کے علاقے میں27سالہ صبا زوجہ اعجاز کی تشدد زدہ لاش سول اسپتال لائی گئی ،متوفی خاتون 4بچوں کی ماں تھی، مقتولہ کے بھائی اعظم اور بہن انیلا نے الزام عائد کیا کہ بہن کو اس کاشوہر اعجاز اورجیٹھ آئے روز تشددکانشانہ بناتے تھے، 2روزقبل بھی صبا نے فون کرکے شوہر کے تشدد کی شکایت کی تھی ۔سول اسپتال سے پوسٹمارٹم کے بعد ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ مقتولہ کے سر پر کسی وزنی چیز سے چوٹ لگی ہے اورجسم پر تشددکے نشانات ہیں، پوسٹمارٹم کے بعد لاش کے حصول کے لئے سسرالی رشتہ داروں اورمیکے والوں کے درمیان تنازع کھڑا ہوگیا ۔صبا کے بھائی نے لاش سسرالی رشتہ داروں کے حوالے کرنے سے انکارکردیا، بعد ازاں پولیس نے فریقین کو سمجھا بجھا کر تصفیہ کرایا، جس کے تحت صبا کی لاش پہلے اس کے سسرال جائے گی جہاں غسل اورکفن کے بعد لاش اس کے والدین کے گھرلائی جائے گی جس کے بعد نماز جنازہ فیضان مدینہ میں ادا کی جائے گی۔ پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی جانب سے بہن کو تشددکرکے ہلاک کرنے کے الزام پر مقتولہ کے جیٹھ شہزاد کو حراست میں لے لیا ہے، تاہم آخری اطلاعات تک واردات کامقدمہ درج نہیں کیاگیا تھا ۔علاوہ ازیں لطیف آبادنمبر 9بلاک ای میں گھریلو جھگڑے اورتنازع کے بعد 22سالہ نوجوان حسین ولد صابرحسین نے گلے میں پھندا ڈالا کر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی ۔بی سیکشن پولیس نوجوان کی خودکشی کی اطلاع پر لاش تحویل میں لیکر بھٹائی اسپتال منتقل کردی جہاں سے پوسٹمارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی، متوفی نوجوان مہران یونیورسٹی کاطالبعلم بتایا جاتا ہے۔

تازہ ترین