• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورئہ برطانیہ بڑا امتحان،کوچز پاکستانی بولرز کو بیٹنگ کا سبق دینے میں مصروف

دورئہ برطانیہ بڑا امتحان،کوچز پاکستانی بولرز کو بیٹنگ کا سبق دینے میں مصروف

  لاہور ( جنگ نیوز) دورہ برطانیہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے کڑا امتحان ثابت ہوسکتا ہے۔ مشکل سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں جمعے کو بھی کھلاڑیوں نے پریکٹس جاری رکھی، جس میں کھلاڑی جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں اور خود کو انگلینڈ کے مشکل ٹور کیلئے تیار کر رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کی زیادہ تر توجہ فخر زمان اور لوئر آرڈر بیٹسمینوں پر رہی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان ٹیم منیجمنٹ دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کی صورت میں نچلے نمبروں کے بیٹسمینوں کو تیار کررہی ہے۔ فخر زمان نے ٹاپ گرین وکٹ پر طویل پریکٹس سیشن کے دوران بڑے اسٹروکس کھیلنے کے بجائے دفاعی اور زمینی شاٹس کھیلنے کی بھرپور مشق کی۔ وہ کراس بیٹ سے کھیلنے سے گریز کرنے کی مشق کرتے رہے جبکہ راحت علی کو ڈیڑھ گھنٹے تک بیٹنگ کی پریکٹس کرائی گئی جبکہ فاسٹ بولر حسن علی بھی بولنگ کے بجائے بیٹنگ کی زیادہ پریکٹس کرتے رہے۔ دوسرے روز شاداب خان فلو کی وجہ سے بخار میں مبتلا ہو گئے اور کیمپ میں شریک نہ ہو سکے۔ ٹریننگ کے دوسرے روز لاہور میں بادل چھائے رہے اور ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے بعد فیلڈنگ پریکٹس کی۔ کپتان سرفراز احمد نے تیز ہواؤں میں کیچنگ پریکٹس کی۔ میدان کے اطراف میں تیز ہوائیں چلنے سے بولرز کی لائن اور لینتھ بھی متاثر ہوئی، بیٹسمین اسٹروک کھیلنے میں دشواری محسوس کرتے رہے، پاکستانی اسکواڈ میں موجود چار ہزار سے زائد ٹیسٹ رنز بنانے والے واحد بیٹسمین اظہرعلی، اسد شفیق اور بابر اعظم بھی بیٹنگ پریکٹس میں مشغول رہے۔ بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے انہیں انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کے حوالے سے ٹپس بھی دیں۔ حارث سہیل نے بھی بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ کی بھرپور مشق کی۔ یاسرشاہ کے ان فٹ ہوجانے کے سبب حارث سہیل سے دورے میں اسپن بولنگ کا بھی کام لیا جانا ہے جس نے سری لنکا کے خلاف گزشتہ سیریزمیں پانچ وکٹیں حاصل کرکے سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کا اعتماد حاصل کیا تھا۔ تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فٹنس ڈرلز پر بھرپور پسینہ بہایا جبکہ وہ شارٹ رننگ کے بعد جمپ کی پریکٹس بھی کرتے دکھائی دیئے۔ تمام کھلاڑیوں کو کمرمیں رسی ڈال کر آگے بھاگنے کی مشق بھی کرائی گئی۔ فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن نے کھلاڑیوں کو بیٹ سے ٹکراکر اچانک اچھل کر آنے والے سلپ کیچز کی پریکٹس کرائی۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم 22 اپریل کی شب انگلینڈ روانہ ہوگی، گرین کیپس آئر لینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ 11 مئی اور اس کے بعد 24 مئی اور یکم جون سے انگلینڈ کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کھیلیں گے۔قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف قومی ٹیسٹ ٹیم کا مستقل حصہ بننے کیلئے پرعزم ہیں۔ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کی تیاری کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے آل راؤنڈر نے کہا کہ اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھتے ہوئے تینوں فارمیٹ میں صلاحیتوں سے انصاف کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹر بننا ہر نوجوان کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، خوش ہوں کہ مجھے طویل فارمیٹ کیلیے قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی ایک چیلنج ہے جس کا سامنا کرنے کیلیے بھرپور تیاری کر رہا ہوں۔ فہیم اشرف نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں 4روزہ میچز کھیل چکا، لاہور میں انگلینڈ سے ملتی جلتی پچز فراہم کی گئی ہیں، آئرلینڈ اور انگلینڈ دونوں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

تازہ ترین