• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب، چیک پوسٹ پر فائرنگ، 4 اہلکار ہلاک

سعودی عرب، چیک پوسٹ پر فائرنگ، 4 اہلکار ہلاک

ریاض (جنگ نیوز) سعودی عرب میں حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ عسير‎ میں چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں4 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور4دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔ایس پی اے نے بتایا ’ حکام اس جرم میں ملوث متعدد مشتبہ افراد کو شناخت کرنے میں کامیاب ہو گئے اور ان میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور یہ دونوں سعودی شہری ہیں۔ ایس پی اے کے مطابق تیسرے مشتبہ سعودی شخص نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران فائرنگ کر کے چوتھے اہلکار کو ہلاک کر دیا جبکہ چار اہلکار زخمی ہو گئے۔العربیہ نیوز کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت 34 سالہ بندر الشہری بھی شامل تھا جو سعودی شہری دفاع کا اہل کار تھا۔ الشہری سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا یہ واقعہ عسیر صوبے کے دو ضلعوں المجاردہ اور بارق کے درمیان ہائی وے پر پیش آیا۔ عرب نیوز نے سعودی وزارتِ داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا پیچھا کیا۔ اس جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو مشتبہ حملہ آور پکڑے گئے جبکہ تیسرا حملہ آور مارا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق چیک پوسٹ پر حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب سعودی عرب ہمسایہ ملک یمن کی جنگ میں پھنسا ہوا ہے۔ گذشتہ نومبر میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دہشت گردی کے خلاف 40 اسلامی ممالک کے اتحاد کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس وقت تک دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے جب تک ان کا دنیا سے صفایا نہیں ہو جاتا۔ گذشتہ برس ہی سعودی شہر جدہ میں ایک شاہی محل کے باہر فائرنگ کے واقعے میں دو سکیورٹی گارڈز ہلاک اور تین دیگر محافظ زخمی ہو گئے تھے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایک 28 سالہ شخص ڈرائیو کرتا ہوا جدہ کے ʼالسلام محل کے دروازے تک پہنچ گیا اور اس نے سکیورٹی پر تعینات محافظوں پر گولیاں چلائیں۔ اس سے کچھ عرصہ پہلے مشرقی شہر قطیف میں خود ساختہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔

تازہ ترین