• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی میں پھرہنگامہ، پانی دو،10 سال کا حساب دو کے نعرے، نصرت سحر اور منظور وسان میں جھڑپ

سندھ اسمبلی میں پھرہنگامہ، پانی دو،10 سال کا حساب دو کے نعرے، نصرت سحر اور منظور وسان میں جھڑپ، ارکان جوتوں سمیت نشستوں پر چڑھ گئے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ،ایوان میں دوسرے روز بھی اپوزیشن کی جانب سے "پانی دو۔۔۔پانی دو۔۔ دس سال کا حساب دو " اور" نیب آئے گی۔۔ نیب آئے گی " کے فلک شگاف نعرے ،ایوان میںجمعہ کو بھی شدید ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کا سلسلہ جاری رہا ،پہلے مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی کی صوبائی وزیر منظور وسان سے جھڑپ ہوگئی اس کے بعد ایم کیو ایم کے منحرف رکن سیف الدین خان نے پانی کی قلت کے خلاف سندھ اسمبلی میں احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کردیا ،ان کا کہنا تھا کہ اجلاس ختم بھی ہوجائے میں ایوان سے باہر نہیں جائوں گا،میں کپڑے اور چنے بھی لایا ہوں ، پانی کے ایک سو ٹینکرز لیکر یہاں سے واپس جائوں گا، سیف الدین خالد نے ٹینکرز کا پانی خریدنے کے لئے ایوان میں چندہ بھی کیا۔ احتجاج کے دوران اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر جوتوں سمیت چڑھ گئے اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر اچھال دیں انہوں نے "پانی دو۔۔۔پانی دو۔۔ دس سال کا حساب دو " اور" نیب آئے گی۔۔ نیب آئے گی " کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے جس کے باعث ایوان میں کان پڑی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔ ایوان کی کارروائی کے دوران ماحول میں تلخی اس وقت پیدا ہوئی جب مسلم لیگ فنکشنل کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے اپنے ایک توجہ دلائو نوٹس پر کوٹ ڈیجی ٹاون کمیٹی میں جعلی بھرتیوں کا معاملہ اٹھایا،ان کہنا تھا کہ کوٹ ڈیجی خیر پور میں 192 جعلی ملازمین بھرتی ہوئے ہیں نیب کو چاہیئے کہ وہ اس معاملے کی انکوائری کرے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت کی باوجود محکمہ بلدیات رقوم جاری کی ہیں ۔ جس پر وزیر بلدیات جام خان شور و نے کہا کہ2013 کے بعد ملازمین کی بھرتیوں پر پابندی ہے اور کوئی نئی بھرتی نہیں ہوئی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر منظور وسان نے کہا کہ فنکشنل لیگ ایم کیوایم لندن کی راہ پرجارہی ہے ۔ نصرت سحر عباسی نے منظوروسان کی درمیان میں مداخلت پر اعتراض کیا تو انہوں نے کہا کہ میںسچ بولتا ہوں تو مرچیں لگ جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ ایم کیوایم لندن کی طرح دہشت گردی پھیلاناچاہتی ہے. منظور وسان کی تقریر پر فنکشنل۔لیگ نے سخت احتجاج کیا اور نصرت سحر عباسی نے سودخوری اور سود خوروں سے نجات کے نعرے لگوانے شروع کردیئے اس موقع پر فنکشنل لیگ کے ارکان اجوتوں سمیت اپنی نشستوں پر چڑھ گئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ احتجاج کے دوران مسلم لیگ فنکشنل کے سعید خان نظامانی نے اللہ اکبر کا نعرہ بلند کیا اور کہا کہ وہ سندھ کو اس کے حقوق دلاکر دم لیں گے۔ منظور وسان نے کہا کہ سچ بہت کڑوا لگتا ہے ، یہ بات سننا نہیں چاھتے ہیں نیب انکواری کرے کہ ماضی میںکس نے جعلی بھرتیوں کی تھیں۔اسپیکر آغا سراج درانی نے اس صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہت اچھے طریقے سے ناچ لیا ، جوتے لیکر ایوان کی کرسیوں پر چڑجاتے ہیں ,اسپیکر نے متنبہ کیا کہ اگر اس انداز میں ایوان کے تقدس کو پامال کیا گیا تو وہ ایوان کی کارروائی برخاست کردیں گے۔ ایم کیو ایم کے منحرف رکن سیف الدین خان نے اپنے توجہ دلائو نوٹس کے دوران ایوان میں انوکھے احتجاج کا علان کردیا ۔ان کا کہنا تھا کہ میرے حلقہ میں چھ سال سے پانی نہیں ہے ، وہاںکربلا کا منظر ہے ، انہوں نے کہا کہ میں اس ایوان میں چندہ جمع کرکے حکومت سے اپنے حلقے کے لئے ایک سو ٹینکرز پانی خریدوں گا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس ختم بھی ہوجائے میں ایوان سے باھر نہین جاؤں گا ،میں کپڑے اور چنے بھی لایا ہوں ۔ اسپیکر نے ان سے دریافت کیا کہ کیا آپ سندھ اسمبلی میں کپڑے تبدیل کرینگے ؟ وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ سیف الدین خالد ڈرامہ بازی کررہے ہیں ۔اس موقع پر اپوزیشن کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمنوا ہوگئے اور انہوں نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ ڈالی اور زبردست نعرے بازی شروع کردی۔ پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان ایوان میں ہنگامہ آرائی کے مناطر کی ویڈیو اپنے اسمارٹ فون سے بنانے کی کوشش کررہے تھے کہ اسپیکر نے انہیں ڈانٹتے ہوئے کہا کہ موبائل فون بند کرو ، ایوان میں فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔وزیر قانون ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ خرم شیر زمان کا موبائل ضبط کیا جائے۔

تازہ ترین