• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرجیکل اسٹرائیکس کے مبینہ دعوے پر کانگریس کی مودی پر تنقید

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کو 2016 میں سرحد پار مبینہ سرجیکل اسٹرائیکس کے مبینہ دعوے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نریندر مودی نے سرجیکل اسٹرائیکس سے متعلق حالیہ دعوٰی دولت مشترکہ ممالک کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر کیا۔ کانگریس کے سینئر ترجمان آنند شرما نے ایک بیان میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ کے اجلاس اور برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات میں پیش کردہ مودی کی ’زبردست‘ خارجہ پالیسی سے بھارت کے قومی مفاد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا سرحد پار دہشت گردی ختم کرنے کے لیے سرجیکل اسٹرائیکس کا دعویٰ شرمناک ہے۔ قبل ازیں لندن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے 2016 میں لائن آف کنٹرول پر کیے گئے مبینہ سرجیکل اسٹرائیکس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت دہشت گردی برآمد کرنے والوں کو برداشت نہیں کرے گا اور انہیں اُسی زبان میں جواب دیا جائے گا جو وہ سمجھتے ہیں۔‘ مودی نے دعوٰی کیا کہ سرجیکل اسٹرائیکس کی خبر کو عام کرنے سے قبل پاکستانی حکومت سے کئی بار رابطہ کرنے کی کوشش کی تاکہ انہیں آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔
تازہ ترین