• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی بیانیہ پیغام پاکستان کو نصاب کا  حصہ بنانے کیلئے سفارشات ارسال، سینیٹ، اسمبلیوں میں زیربحث لایاجائے، اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) اسلامی نظریاتی کونسل نے قومی بیانیہ کو نصاب کا حصہ بنانےکیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں زیربحث لاکرمناسب قانون سازی سفارش کردی ہے۔ اور کہا ہے کہ حکومت مناسب قانون سازی اور وفاقی، صوبائی دارالحکومتوں اور دیگر شہروں میں’’پیغام پاکستان‘‘ کی تشہیر کیلئے مسالک علماء و اساتذہ کے سیمینار کا انعقاد کرے، پرامن پاکستان کویقینی بنانے کیلئے 16جنوری 2018 کو ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں منظور ہونے والے قومی بیانیہ بعنوان’’ پیغام پاکستان‘‘ کے بارے میں اپنی سفارشات اہم سرکاری و غیر سرکاری اداروں کو ارسال کر دیں۔ ایوان صدر کی طرف سے اعلان شدہ اس قومی بیانیہ کو اٹھارہ سو سے زائد مختلف مسالک اور مدارس کے مختلف وفاقوں کی تائید و حمایت حاصل ہے۔ اس اہم متفقہ دستاویز کو اسلامی نظریاتی کونسل کے 211 ویں اجلاس مارچ2018میں سراہا گیا اور اس کو قانونی حیثیت دلوانے نیز موثر طریقے سے عام کرنے کیلئے جامع سفارشات مرتب کی گئیں۔ کونسل کی مندرجہ ذیل سفارشات سپیکر قومی اسمبلی، تمام صوبائی اسمبلیوں کے سپیکر صاحبان چیئرمین سینٹ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن، متعلقہ وفاقی و صوبائی وزراء اور یونیورسٹیوں کے سربراہان اور وفاق ہائے مدارس کے سربراہان و ناظمین کوارسال کردی گئی ہیں ۔کونسل نے سفارش کی ہے کہ پیغام پاکستان کو قومی اسمبلی،سینٹ اور تمام صوبائی اسمبلیوں میں زیر بحث لایا جائے اور اس کی روشنی میں ضرورت کے مطابق مناسب قانون سازی کی جائے۔
تازہ ترین