• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایون ریلڈ ریفرنس، نیب کو مزید دستاویزات اور نیا گواہ پیش کرنے کی اجازت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کی عدالت سے ایک ہفتے تک حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی ہے۔ عدالت نے ایک دن کا استثنیٰ منظور کرلی جبکہ ایک ہفتے کیلئے چھٹی دینے کی درخواست مسترد کر دی، احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ مجبوری ہو تو پھر درخواست دے سکتے ہیں۔عدالت نے ایون فیلڈ پراپرٹیز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز میں اضافی دستاویزات بطور شواہد عدالتی ریکارڈ پر لانے اور نیب کے ڈی جی آپریشن ظاہر شاہ کو نئے گواہ کے طور پر شامل کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں جمعہ کو سابق وزیراعظم نوازشریف اورانکی صاحبزادی مریم نواز کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے مخالفت کی۔ دوران سماعت کلثوم نواز کی 18 اپریل کی تازہ میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ میڈیکل رپورٹ کے ساتھ ایسی کوئی ای میل نہیں کہ انہیں ایمرجنسی میں بلایا گیا ہے وکیل صفائی امجد پرویز نے دلائل دیئے کہ کلثوم نواز کینسر کی مریضہ اور لندن میں زیر علاج ہیں، انکی ریڈیو تھراپی ہوئی ہے اور دوبارہ اسپتال میں داخل کرایا گیاہے،اس موقع پر نواز شریف اور مریم نواز کا وہاں ہونا ضروری ہے انسانی بنیادوں پر ایک ہفتے کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اپنایا کہ نواز شریف اور مریم نواز نے عدالت سے بیرون ملک جانےکی اجازت طلب نہیں کی، حاضری سے استثنیٰ کیلئے ملزم کا عدالت میں پیش ہو کر استثنیٰ مانگنا ضروری ہے۔ نیب نے ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش بھی کر رکھی ہے، عدالت نے پہلے استثنیٰ دیا تو یہیں جلسے جلوس کرتے رہے۔ عدالت نے دونوں وکلا کے دلائل مکمل ہونے کےبعد فیصلہ محفوظ کیا تھاجسے بعد میں سناتے ہوتے ہوئے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی تاہم دونوں کی جمعہ کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔احتساب عدالت نے مریم نواز کےوکیل امجد پرویز کی دوبارہ استدعا پرکہا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کسی مجبوری کی وجہ سے پیش نہ ہوسکیں تو اس وقت استثنیٰ کیلئے دوبارہ درخواست دائر کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں احتساب کورٹ اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز میں اضافی دستاویزات بطور شواہد عدالتی ریکارڈ پر لانے اور نیب کے ڈی جی آپریشن ظاہر شاہ کو نئے گواہ کے طور پر شامل کرنے کی درخواست منظورکرلی ہے۔
تازہ ترین