• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بجلی بندش جاری،جمعہ کے اجتماعات میں بھی لوڈ شیڈنگ کی گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی پریشانیاں کم نہ ہو سکیں۔ نماز جمعہ کے اجتماعات کے موقع پر بھی کے الیکٹرک نے بجلی بند کی۔ شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دس سے بارہ گھنٹےبجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ چوری سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی تین بار ساڑھے چار سے چھ گھنٹے بجلی بند کی جاتی ہے۔ شہر میں طویل عرصے سے جاری بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ بازاروں اور شاپنگ سینٹر ز میں دکانداروں سمیت گاہکوں کو گرمی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کے لئے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ لوگوں کو پانی کی سپلائی میں کمی ہو رہی ہے۔ شہریوں نے کے الیکٹرک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ بھاری بھرکم بل وصول کرنے والی کمپنی کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کا بندوبست کرے۔ واضح رہے کہ تقریباً چار ہفتے سے جاری بجلی کا بحران ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا اور کے الیکٹرک اور حکومتی شخصیات اور عہدیدار صرف ایک دوسرے پر الزام تراشی اور بیان بازی سے لوگوں کو ٹرخا رہے ہیں عملاً کوئی اقدام اب تک سامنے نہیں آیا۔
تازہ ترین