• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کا نوٹس لے،وزیراعظم

لندن(اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی برطانوی ہم منصب تھریسامے سے ملاقات‘ باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال ‘ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کے عشائیے میں شرکت ‘اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ‘ پاکستان کی معاشی ترقی اور امن وامان کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے جمعہ کو یہاں ونڈسر کیسل میں ملاقات کی‘ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پرشاہد خاقان نے کشمیری عوام کی تحریک کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیا جائے‘وزیراعظم نے برطانوی ہم منصب کو دہشت گردی و انتہاءپسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور برطانیہ کے ترقیاتی ادارہ کی جانب سے پاکستان میں کام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اپنے دورہ کابل کا بھی حوالہ دیا اور افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔تھریسامے نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا‘ انہوں نے وزیراعظم عباسی کی جانب سے ان کے حالیہ دورہ کابل میں افغانستان میں امن کے حوالہ سے کی گئی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مضبوط تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ دریں اثناءوزیراعظم شاہد خاقان عباسی نےگزشتہ روز یہاں ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی جانب سے دولت مشترکہ کے اجلاس میں شریک رکن ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں بکنگھم پیلس میں دیئے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔
تازہ ترین