• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آؤٹ ڈور کچن

آؤٹ ڈور کچن آج کے گھروں کی ضرورت بنتا جارہا ہے۔ اگر آپ گھر پر پارٹی دینے کا پروگرام بنارہے ہیں اور دوستوں کو مدعو کرنا چاہتےہیں، یا چھٹی والے دن گھر پر باربی کیو انجوائے کرنا چاہتے ہیں تو گھر کےاِن ڈور کچن میں آپ ان چیزوں سے لطف اندوز نہیں ہوسکتے۔ ایسے میں آپ کو ضرورت محسوس ہوگی ایک اآؤٹ ڈور کچن کی، جو آپ کی پارٹی، باربی کیو نائٹ اور دوستوں کے ساتھ محفل کو دوبالا کردے گا۔ آؤٹ ڈور کچن تعمیر کرتے وقت آپ کو کچھ چیزوں کا خیال بھی رکھنا ہوگا۔ 

جیسے آؤٹ ڈور کچن ا س طرح بنایا جائے کہ وہ موسم کی سختی برداشت کرسکے، اس لئے آؤٹ ڈور کچن میں اسٹین لیس اسٹیل، ساگوان لکڑی (Teak) اور گرینائٹ جیسا مٹیریل استعمال کیا جانا چاہیے۔ ایسا کچن آپ کے گارڈن میں بہترین جگہ بناسکتا ہے۔آؤٹ ڈور کچن کا موسم گرما میں ایک خاص فائدہ یہ بھی ہے کہ اگر آپ اپنے گھر کے اندر والے کچن کو چھوڑ کر آؤٹ ڈور کچن کو اپنا لیں تو آپ کو اپنے گھر کو ٹھنڈا رکھنے کا ایک بالکل مفت آئیڈیا میسر آسکتا ہے۔

اِن ڈور/ آؤٹ ڈور کچن

شروع کرتے ہیں، ایک ایسے آئیڈیا سے جو ایک ہی خرچے میں آپ کےدو مسائل حل کرسکتا ہے۔ اگر آپ کے گھر کے باہر لان میں یا گارڈن میں اتنی جگہ نہیں کہ وہاں آؤٹ ڈور کچن بنایا جاسکے تو آپ ایک ہی ایسا کچن بناسکتے ہیں جو آؤٹ ڈور کے ساتھ ساتھ اِن ڈور بھی کام آسکے۔ یہ کچن آپ ٹیرس کے ساتھ بناسکتے ہیں، یہ کچن آپ کے مکان کے ساتھ درمیان والی ایک دیوار بھی شیئر کرے گا۔ اس میں دو دروازے ہوں گے، ایک وہ جو Livingایریا کو آؤٹ ڈور کچن کے ساتھ جوڑنے اور دوسرا باہرسے گارڈن کو کچن کے ساتھ جوڑنے کے کام آئے گا۔

دہقانی اسٹائل (Rustic Style)

ایک آؤٹ ڈور کچن کی خوب صورتی کیا ہونی چاہیے؟ یہ ایساکچن بالکل نہیں ہونا چاہیے، جہاں آپ کو اکیلے کھڑے ہوکر کھانا تیار کرنا پڑے۔ اس کے برعکس، یہ ایک ایسی جگہ ہونی چاہیے، جہاں سے آپ اپنے مہمانوں اور فیملی کے ساتھ خوش گپیاں بھی بخوبی انجوائے کرسکیں۔اس کچن میں کھانا پکانے کے علاوہ باربی کیو تیار کرنے کے لیے بھی جگہ بنائی گئی ہے۔جدید طرز تعمیر کے اس کچن میں ہر ممکن حد تک وہ سب کچھ ہے، جو ایک آؤٹ ڈور کچن میں آئیڈیل طور پر ہونا چاہیے۔

موبائل کچن

اگر آپ کے آؤٹ ڈور ایریا میں جگہ کی کمی ہے اور وہاں آپ مستقل کچن تعمیر نہیں کرسکتے تو موبائل کچن کا آئیڈیا پیش خدمت ہے۔جی ہاں، پہیوں والا موبائل کچن! اس کچن کے ساتھ آپ کے لیے آسانی یہ ہے کہ آپ آؤٹ ڈور اسپیس میں جہاں چاہیں کچن لگالیں۔ٹیرس میں، گارڈن میں یا پھر تیز دھوپ میں چھتری کے نیچے۔ یہ کچن کم خرچ بالا نشین والی بات ہے، جسے تعمیر کرنا بھی انتہائی آسان ہے۔ تاہم اس کچن میں آپ کو کچھ چیزوں کی کمی محسوس ہوسکتی ہے، جیسے اس کا آرٹسٹک Lookنہیں ہوگا اور کچھ ایسی چیزیں جو مستقل کچن میں ہوسکتی ہیں۔

لکڑی کا بناکچن

یہ ووڈن اسٹائل خوبصورت آؤٹ ڈور کچن اسٹائل شہر کی افراتفری سے دور بنے کنٹری سائیڈ گھر کے لیے سب سے بہترین انتخاب ہوسکتا ہے۔ پورا کچن کاؤنٹر، سیلنگ شیڈ اور سائیڈ بیریئرز لکڑی سے بنائے گئے ہیں، اسٹیل کی سلیٹوں کی تنصیب کرکے آپ اس کی تزئین و آرائش کو مزید دلکش بناسکتے ہیں۔ تاہم یہ با ت ذہن نشین رہنی چاہیے کہ لکڑی کے بنے آؤٹ ڈور کچن کی دیکھ بھال میں بہت زیادہ احتیاط کرنا پڑتی ہے،آپ کی تھوڑی سی بے احتیاطی سے لکڑی کو کئی طرح کے مسائل لگ سکتے ہیں۔

پورچ والا کچن

پورچ کو سلیس اردو میں ہم ڈیوڑھی، چھتا یابرساتی کہہ سکتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر میں آؤٹ ڈور جگہ اچھی خاصی ہے تو پورچ والا کچن آپ کے لیے بہترین چوائس ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم پورچ والا کچن بنانے سے پہلے آپ کو چند چیزوں کا خیال رکھنا ہوگا۔ پورچ کو آپ نےاس طرح سے بنانا ہے کہ کچن سے نکلنے والا دھواں آپ کے پڑوس کے گھر میں داخل نہ ہوپائے، کیوں کہ دھویں کے ساتھ کھانے کی Smellبھی وہاں تک پہنچے گی۔ بہرحال، آپ کے دوستوں کے ساتھ گزارے گئے اچھی وقت کی قیمت آپ کے پڑوسیوں کو بالکل بھی ادا نہیں کرنی چاہیے۔

سنگل وال کچن

آؤٹ ڈور کچن بنانے کے کئی طریقے ہوسکتے ہیں۔ لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کے کچن جدت سے بھرپور ہوں۔ اس کچن کو ایک سنگل وال کے ساتھ سیدھا بنایا گیا ہے، تاہم اس میں موجود سہولیات بڑے بڑے کچن آئیڈیاز کو دھندلانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔اس میں نصب کیا گیا ڈش واشر اور پیزا اوون خصوصی طور پر آؤٹ ڈور کچن کے لیے ڈیزائن کیاگیا ہے۔ اس طرح کچن میں کام کرنا انتہائی آسان ہوگیا ہے۔ لائٹنگ کا مناسب بندوبست کرکے اسے آپ رات کے وقت بھی استعمال کرسکتے ہیں، تاہم اس کچن کو صرف صاف موسم میں ہی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین