• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہیوسٹن میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں مظاہرہ

رپورٹ : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف دنیا بھر کی طرح امریکا میں بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی حوالے سے کشمیریوں کے حقوق کی نمائندہ تنظیم فرینڈز آف کشمیر کے زیر اہتمام ہیوسٹن میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں اور انڈین جبر و تشدد کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ۔

فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب کا کہنا تھاکہ عالمی برادری کشمیر میں جاری بھارتی بہیمانہ تشدد اور مظالم کا نوٹس نہیں لے رہی، یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز کا استعمال اور دیگر کالے قوانین کے تحت مظالم کا سلسلہ بڑھا دیا گیا ہے جبکہ نہتے کشمیری عوام پر مزید مظالم کرنے اور ان کے قتل عام کے لیے بھارت نے ایک نئی فورس بنانے کا اعلان بھی کیا ہے جو انتہائی شرمناک ہے ۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین جن میں سردار زبیر، عشرت حسین ،آفتاب نظر ،سردار صغیر ، سردار حامد ،سردار افتخار، سردار جاوید اور حائقہ خان شامل تھے، انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ ستر سال سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

مقررین نے معصوم آصفہ کے بے رحم قاتلوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے بھی عالمی برادری سے آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔

مقررین نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ جب مشرقی تیمور ،جنوبی سودان اور کروشیا جیسے ممالک کا تنازع حل کیا جا سکتا ہے تو کیا وجہ ہے کہ عالمی برادری کی نگاہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بند ہیں ۔

مظاہرے کے شرکاء نے کشمیر کی آزادی ،جسٹس فار آصفہ اور مودی سرکار کی بے رحمانہ پالیسیوں کے خلاف پرجوش انداز میں نعرے بازی بھی کی ۔

تازہ ترین