• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرائیویٹ پارٹیسپیشن انوسٹمنٹ کے حوالے سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک

اسلام آباد (اے پی پی) 2017 کے دوران پاکستان میں پرائیویٹ پارٹیسپیشن انوسٹمنٹ(پی پی آئی) کے تحت 5.9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور گزشتہ سال کے دوران پاکستان پی پی آئی کے حوالے سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے ۔ عالمی بینک کی ’’پرائیویٹ پارٹیسیپیشن ان انفراسٹرکچر‘‘(پی پی آئی) کی سالانہ رپورٹ 2017 کے مطابق سال 2017 کے دوران دنیا کے 52 مالک میں پی پی آئی کے تحت سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ سال 2016 کے دوران اس حوالے سے 37 ممالک میں سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ اس طرح سال 2016ء کے مقابلہ میں 2017 کے دوران پی پی آئی کے تحت سرمایہ کاری موصول کرنے والے ممالک کی تعداد میں 15ممالک کا نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ عالمی بینک کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران پی پی آئی کے تحت سرمایہ کاری وصول کرنے والے ممالک کی اوسط تعداد 41 رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چین میں پی پی آئی کے تحت سال 2017ء کے دوران 17.5 ارب ڈالر، انڈونیشیا میں 15.4 ارب ڈالر، میکسیکو میں 8.6 ارب ڈالر جبکہ برازیل میں 7.3 ارب ڈالر اور پاکستان میں 5.9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔
تازہ ترین