• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریا سرحد پر سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کرے گا

ویانا (اے پی پی) آسٹریا کی حکومت جرمنی کے ساتھ اپنی سرحد پر رواں برس کے وسط سے سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد آسٹریا کے سرحدی کنٹرول کو سخت تر بنانا ہے۔آسٹریا کے انتہائی دائیں بازو کی جماعت سے تعلق رکھنے والے وزیر داخلہ ہیربرٹ کیکل کا کہنا ہے کہ رواں برس یورپی یونین کی ششماہی صدارت سنبھالنے پر آسٹریا اپنی سرحدوں پر بارڈر کنٹرول بھی سخت کر دے گا۔آسٹریا، جرمنی اور چند دیگر یورپی ممالک نے 2015ء میںتارکین وطن کے بحران کے تناظر میں شینگن معاہدے کو جزوی طور پر معطل کرتے ہوئے اپنی قومی سرحدوں پر جانچ پڑتال کا عمل دوبارہ رائج کر دیا تھا۔ تب کھلی سرحدوں ہی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک ملین سے زائد تارکین وطن ترکی سے بحیرہء ایجیئن کے ذریعے یونان اور پھر بلقان کے خطے سے ہوتے ہوئے مغربی اور شمالی یورپی ممالک پہنچے تھے۔ جرمن حکومت نے کہا تھا کہ وہ آسٹریا کے ساتھ سرحد پر جاری جانچ پڑتال کے عمل کو مزید چھ ماہ کے لیے توسیع دینا چاہتی ہے، تاکہ تارکین وطن کے بہاؤ سے نمٹا جا سکے۔ سرحد پر اسی جانچ پڑتال کے عمل کی وجہ سے آسٹریا سے جرمنی میں داخل ہونے والے افراد کو آسٹریا کی جانب لمبی قطاروں میں دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کے جواب میں آسٹریا نے جرمن سرحد پر اس طرز کے اقدامات متعارف نہیں کرائے تھے۔
تازہ ترین