• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پنجاب نےرمضان المبارک کے دوران اس سال بھی عوام کو ریلیف دینے کے لئے رمضان پیکج کی منظوری دی ہے۔ رمضان پیکج ایک مستحسن عمل ہے دوسری صوبائی حکومتوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہئے۔رمضان المبارک میں حکومت پنجاب کا آٹے پر سبسڈی دینے کابنیادی مقصد یہ ہے کہ غریبوں کا روٹی پر خرچہ کم ہو سکےاور وہی پیسے دوسری اشیا کی خریداری میں کام آ سکیں سبسڈی کے تحت 20کلو گرام آٹے کا تھیلا تقریباًآدھی قمیت پر 500روپے میں اور 10کلوگرام کا تھیلا 250روپے میں سستے رمضان بازاروں میں دستیاب ہو گا۔اس مقصد کے لئے صوبے بھر میں 300سے زائد سستے رمضان بازار اور32سستے ماڈل بازار لگائے جائیں گے جہاں دالیں،گھی،چینی،پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ اس حوالے سے زرعی فیئر پرائس شاپس کا قیام بھی نیک فال ہے۔ حسب سابق مساکین کے مفت سحر وافطار کے لئے صوبے بھر میں 2ہزار دسترخوان لگانے کا اہتمام عین اسلامی روایات کی پاسداری ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رمضان بازاروں سے دور دراز علاقوں اور کھلی مارکیٹ میں موقع پرست عناصر ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں جنہیں بدعنوان سرکاری اہلکاروں کی پشت پناہی بھی حاصل ہوتی ہے۔ دوسرے اسلامی ملکوں کے علاوہ دنیا کے بعض غیرمسلم ممالک میں بھی یہ دستور ہے کہ رمضان المبارک میں دکاندار خود اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کر دیتے ہیں جبکہ وطن عزیز میں رمضان شریف آتے ہی مہنگائی کو پر لگ جاتے ہیں۔پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں کا اس بارے میں ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے انتہائی موثر اور ٹھوس اقدامات کرنا وقت کی ضرورت ہے۔امیدواثق ہے کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن بھی ملک کے طول و عرض میں بلا تفریق طلب و رسد اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھےگی۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین