• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کی آدھی پارٹی60کروڑ روپے میں بک گئی ہے، جماعت اسلامی

پشاور(نمائندہ جنگ ) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی آدھی پارٹی60کروڑ روپے میں بک گئی ہے ،نیب اور الیکشن کمیشن تحریک انصاف کی مرکزی و صوبائی قیادت اور تمام منتخب ارکان کو طلب کرکے ووٹ بیچنے کے الزامات کی تحقیقات کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے بیان پر تحریک انصاف حکومت کے ردعمل کوغیر ضروری ، جذباتی، حقائق کے منافی اور غیر سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل حقیقت ہے کہ تحریک انصاف کی آدھی پارٹی 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں منتخب ہونیوالے سینیٹرز کی حیثیت پر سوال اٹھنا لازمی ہے اسلئے نومنتخب سینیٹرز کو بلانے اور ان سے حلف لینے کے سراج الحق کے مطالبہ پر سیخ پا ہونا سمجھ سے بالاتر ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ تحریک انصاف کے مزید مشکوک ممبران اسمبلی کو بھی بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے حالیہ انتخابات کڑا امتحان تھا، جس سے پتہ چلا کہ کرپشن کے لحاظ سے کونسی پارٹی کتنے پانی میں ہے، تحریک انصاف کے بیس ایم پی ایز بک گئے ہیں اور اس کا اقرار عمران خان نے بھی کیا ہے اگر انہوں نے ووٹ بیچا ہے تو ان کے منصوبوں کا بھی جائزہ لینا چاہئے کہ ترقیاتی کاموں میں ان 20افراد نے کتنی کرپشن کی ؟ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نیب کی ذمہ داری ہے کہ وہ تحریک انصاف کے تمام ممبران اسمبلی اور مرکزی و صوبائی قیادت کو بلائیں اور دونوںا طراف کے الزامات کی تحقیقات کریں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو۔ اس وقت گیند الیکشن کمیشن اور نیب کی کورٹ میں ہے۔مشتاق احمد خان نے کہاکہ جماعت اسلامی صوبائی بجٹ کیلئے تیار ہے لیکن تحریک انصاف راہ فرار اختیار کر رہی ہے ۔ انھوں نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ا لفاظ کے انتخاب اور جملوں کے چناؤ میں ا حتیاط برتیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وزراء کی کاردگی کا اعتراف وقتاً فوقتاً ملکی اور بین الاقوامی ادارے کرتے رہے ہیں، جماعت اسلامی کے تینوں وزراء پر کرپشن کا الزام تک نہیں لگا، قرآن پاک کا ترجمہ و ناظرہ ، نصاب تعلیم میں اصلاحات اور نکالے گئے مشاہیر اسلام و پاکستان کے اسباق کو دوبارہ شامل کرنا جماعت اسلامی کی وجہ سے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اگر اسلامائزیشن کی بات کرتے ہیں تو بتائیں کہ ممتاز قادری کے مسئلہ پر ان کا اور ان کی پارٹی کا کیا مؤقف تھا؟، قومی اسمبلی او ر سینیٹ میں ختم نبوت ﷺ کے معاملہ پر پی ٹی آئی اپنی پوزیشن اور مؤقف واضح کرے۔
تازہ ترین