• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگا ڈرامہ سیریل ”خانی“ کا سنسنی خیز موڑ آگیا!!

میگا ڈرامہ سیریل ”خانی“ کا سنسنی خیز موڑ آگیا!!

کراچی (محمد ناصر) ڈرامہ انڈسٹری میں تہلکہ مچانے اور مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنانے والے میگا ڈرامہ سیریل ”خانی“ کی کہانی اب ایک نئے موڑ پر آگئی ہے ۔ پیر کے روز میگا سیریل کی 22 ویں قسط نشر کی جائے گی ۔ غم ، خوشی اور جذبات کی ڈور سے بُنی گئی ڈرامے کی دلچسپ کہانی میں اب بہت سے ٹوئسٹ اور کئی نئے انکشافات بھی سامنے آئیں گے۔ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی نگرانی میں سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے تحت بننے والا سیریل”خانی“پہلے دِن سے اب تک ریٹنگز چارٹ میں اول پوزیشن پر جگمگا رہا ہے اور پاکستان کے کروڑوں ناظرین ”خانی“ کی دلچسپ کہانی میں پوری طرح ڈوبے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی “ پر نشر ہونے والے ڈرامے کا صرف ٹائٹل سونگ سوشل میڈیا پر کئی کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے جبکہ اس ڈرامے کے کئی ملین ویوز بھی ریکارڈ پر موجود ہیں۔ فیروز خان اور ثنا جاوید کی جاندار اداکاری پر بھی عوام فدا ہیں۔ کہانی کو اس قدر عمدہ انداز میں تحریر کیا گیا ہے کہ ہر گزرتی قسط عوام کو ایک نئے تجسس میں مبتلا کردیتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ سیریل اپنی انفرادیت اورجاندار اداکاری کی وجہ سے ہر دِن بے پناہ شہرت حاصل کررہی ہے۔ ہر خاص و عام دِل چھو لینے والی کہانی کا دلدادہ ہے تاہم خواتین اس ڈرامے کی بہت زیادہ شیدائی دکھائی دیتی ہی جبکہ محبت، رومانس، انتقام اور جذبات میں بہتی کہانی کو نوجوانوں میں بھی پسند کیا جارہا ہے۔ جیو کے ہائی وولٹیج سیریل کی گھن گھرج اب تقریباً گھر میں سنائی دے رہی ہے۔ ڈرامہ سیریل ”خانی “ کو اسما نبیل نے تحریر کیا ہے جسے ایوارڈ یافتہ ہدایتکار انجم شہزاد نے انتہائی بہترین انداز میں ڈائریکٹ کیا ہے ۔ دھواں دھار قسط میں کیا نیا ٹوئسٹ ہوگا اور کس قسم کے انکشافات ہوں گے ؟۔یہ سب ناظرین پیر کی شب میگا سیریل ”خانی“ میں رات 8 بجے ملاحظہ کرسکیں گے۔

تازہ ترین