• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی و پانی بحران، ایم کیو ایم آج مظاہرہ کریگی، فاروق ستار کی تمام جماعتوں کو دعوت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان پی آئی بی گروپ کے زیر اہتمام اتوار کو کراچی پریس کلب پر بجلی و پانی کے بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوگا. سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھی اس مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی ہے اور کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے نکل کر زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں، چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی ہے وہ اس عوامی مسئلہ پر ازخود نوٹس لیں کیوں کہ کراچی کے عوام بجلی اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے سخت اذیت کا شکار ہیںانہیں شدید گرمی کے موسم میں اس عذاب سے نکالا جائے پانی و بجلی کے مسئلہ پر کراچی میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نےہفتے کو اپنی رہائشگاہ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کےساتھ رابطہ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارا یہ احتجاجی مظاہرہ کے الیکٹرک اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے خلاف ہے ان دونوں محکموں کی ناکامی کے باعث ہرسال گرمی کے موسم میں کراچی کے شہریوں کو اس ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے بجلی کی گھنٹو ں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کراچی کی شہری ، صنعتی، زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے اس موسم میں امتحانات دینے والے طلباء کی تعلیم بھی متاثر ہورہی ہے۔ جبکہ کراچی کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے پورے ملک سے لوگ کراچی منتقل ہورہے ہیں ہر سال کراچی میں تقریبا ایک لاکھ افراد آرہے ہیں جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے کراچی کے حوالے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی دس سالوں سے حکومت ہے اس کے دور حکومت میں پانی کے ایک قطرے کا بھی اضافہ نہیں ہوا۔ کے فور منصوبہ میں نہیں سمجھتا کہ یہ 2020ئ میں بھی مکمل ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ 6ارب روپے کی لاگت سے شروع کیا جانے والا پانی کا منصوبہ جس سے 65ایم جی پانی کراچی کو ملتا یہ منصوبہ بھی سندھ حکومت شروع نہیں کرسکی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میں تو بہادرآباد والوں سے معاملات ٹھیک کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں اور ثالث بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں لیکن لگتا ہے وہ حالات کو بہتر نہیں بنانا چارہے، انھوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے پہلے دورہ کراچی میں مجھ سے ملاقات خانہ پری کے لئے کی تھی اور صرف ملاقات کے لئے 15منٹ کا وقت دیا گیا تھا۔ اور اب دوبارہ اپنی کراچی آمد کے موقع پر مجھ سے رابطہ نہیں کیا گیا۔ مسلم لیگ ن اپنے غیر جمہوری رویہ کی وجہ سے آہستہ آہستہ تنہا ہوتی جارہی ہے۔
تازہ ترین