• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیساکھی میلے میں آنیوالا بھارتی سکھ یاتری امرجیت سنگھ پاکستان میں لاپتہ

لاہور (خالد محمود خالد)بیساکھی کے میلے میں شرکت کے لئے بھارت سے آنے والا سکھ یاتری پاکستان میں لا پتہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امرتسرکے محلہ نرنجن پورہ کا رہائشی کا 24سالہ امرجیت سنگھ جو کہ 12اپریل کو خصوصی ٹرین کے ذریعے دیگر یاتریوں کے وفد کے ہمراہ واہگہ پہنچا تھا اور اسی رات حسن ابدال چلا گیا تھا وہاں سے 15اپریل کو ننکانہ صاحب گیا جہاں سے وہ غائب ہو گیا ۔ اس کی گمشدگی کا علم اس وقت ہوا جب گزشتہ روز یاتریوں کی واپسی کے موقع پر وہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام سے اپنا پاسپورٹ واپس لینے نہیں پہنچا جب کہ اس کے ویزے کی معیاد بھی گزشتہ روز ختم ہو چکی ہے۔پولیس اسے تلاش کر رہی ہے لیکن رات گئے اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ دوسری طرف امرتسر میں امیگریشن حکام نے جب یاتریوں کی گنتی کی تو ایک یاتری کم ہونے پر وہاںکھلبلی مچ گئی۔ حکام نے پاکستان رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ امرجیت اپنا پاسپورٹ لینے ہی نہیں آیا۔ امرتسر میں امر جیت کے گھر والوں نے بتایا کہ امرجیت سے 12اپریل کو ان کا آخری بار رابطہ ہو ا تھا تاہم انہیں اس کے بارے میں کچھ بھی علم نہیں کہ وہ اس وقت کہاں ہے۔اس سے قبل اسی وفد میں شامل ایک خاتون کرن بالا نے لاہورمیں اسلام قبول کر کے ایک شخص محمد اعظم سے شادی کر لی تھی اور اس نے ویزہ میں توسیع کی درخواست کر رکھی ہے وہ بھی وفد کے ہمراہ واپس نہیں گئی۔
تازہ ترین