• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابات میں تعاون کیلئے شہباز شریف کے ایم کیوایم اور اے این پی سے مذاکرات

لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار کے الیکٹرک، انتخابات میں تعاون کیلئے شہباز شریف کے ایم کیوایم اور اے این پی سے مذاکرات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، رمضان المبارک میں شہر کو بلا تاخیر بجلی ملنی چاہیےبلاول ہائوس اور بنی گالہ ہم نوالہ ہیں، عوام دونوں کے دھوکے میں نہ آئیں، کراچی کو کسی کی نظر لگ گئی ، مجھے دکھ ہوتا ہے کہ لاہور میں میٹرو بس بھی بن گئی لیکن کراچی میں کچھ بھی نہیں ہوا، میں تویہاں پیپلزپارٹی کو آئینہ دکھانے آیا ہوں، آئینہ دکھایا تو برا مان گئے اگر کراچی کے عوام کراچی کی ترقی چاہتے ہیں تو مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں۔ اگلے انتخابات میں موقع ملا تو کراچی کو نیویارک بنادیں گے، کراچی میں ایک نہیں متعدد میٹرو لائن بنائیں گے، کراچی کا کچرا 6 ماہ میں ختم کردینگے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں کراچی آتا ہوں تو پیپلز پارٹی اور کے پی کے جاتا ہو تو پی ٹی آئی ناراض ہوتی ہے، جو فنڈز آپ لوگوں کے لیے مختص کیا گیا تھا وہ حکمرانوں کی جیب میں چلا گیا ہے ، وقت آگیا ہے کہ لوٹا ہوا پیسہ نکال کر آپ کے شہر پر نچھاور کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری ، گلشن غازی بلدیہ ٹائون اور الفتح گراو نڈ بلدیہ ٹاو ن میں ورکرز کنونشن سے الگ الگ خطاب ، مردان ہائوس میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سید اور ایم کیوایم بہادرآباد کے مرکز میں کنویئنر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ملاقا تو ں میں انتخابات میں تعاون کیلئے بات چیت ہوئی۔ بہادرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکزی دفتر میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، نسرین جلیل، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن، میئر کراچی وسیم اختر اور ایم کیو ایم پاکستان کے دیگر رہنماؤں سے تقریبا ایک گھنٹے کی ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میرا ایک ہفتہ میں کراچی کا یہ دوسرا دورہ ہے ، پیر کو کراچی میں سی پیک کانفرنس ہورہی ہے، میرا ایم کیو ایم بہادرآباد کی قیادت سے بہت مفید ملاقات ہوئی، میں یہ بات واضح الفاظ میںکہتا ہوں کہ میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ، کراچی شہر ایک ماں کی طرح سے ہے، اس نے پورے ملک کے لوگوں کو گود لیا ہے، ہم ایم کیو ایم کے ساتھ ملکر ان سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں اس شہر کی روشنیاں جو کہ مدھم ہوچکی ہیں تاکہ پھر سے بحال ہوں،الیکشن آنے والے ہیں جو پارٹی اچھا پرفارمنس کریگی وہ یہاں سے کامیابی حاصل کرے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ کراچی کے بجلی بحران میں سب سے زیادہ قصور کے الیکٹرک کا ہے کیوں کہ 2 پلانٹ طویل عرصے سے بند رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2011 میں سی سی آئی میں فیصلہ ہوا تھا کہ کے الیکٹرک دو پلانٹ چلائے گی جس سے شہر کو 500 میگا واٹ بجلی ملے گی لیکن کے الیکٹرک واپڈا سے سستی بجلی لیتی رہی تاکہ خود بجلی نہ بنانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو پلانٹس چلانے کا پابند بنانا ہے جب کہ وزیراعظم خود یہاں آئیں گے، رمضان المبارک میں شہر کو بلا تاخیر بجلی ملنی چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ کراچی گیٹ وے آف پاکستان ہے، عروس البلاد شہر پر کھربوں روپے لگے وہ کہاں گئے؟۔ کراچی میں جو بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے اس کی سب سے زیادہ ذمے داری کے الیکٹرک پر عائد ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی شہر میں ہمیں اپنی سیاسی طاقت کا اندازہ ہے اگر ہمیں موقع ملا تو ہم ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ملکر اس شہر میں پانی ، بجلی ، ٹرنسپورٹ، سڑکوں کا جال پھیلانے سمیت تمام مسائل حل کریں گے اور کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی قائم کریں گے۔ ڈیڑھ انچ کی مسجد علیحدہ بنانے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا اور ہم اس شہر کو جنوبی ایشیا کانیویارک بنائینگے۔ ایم کیو ایم پاکستان بہادرآباد کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہماری شہباز شریف سے ملاقات صرف فوٹو سیشن نہیں تھابلکہ ہم نے شہر کے مسائل سے انہیں آگاہ کیا اور اپنے دکھ بیان کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے شہری علاقوں کے ساتھ جو کیا ہے سب کے سامنے ہے جب کہ ہم نے ملاقات میں یہ بھی بتایا کہ اس شہر کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جاتا ہے لیکن ڈھائی سے 3 کروڑ آبادی والے شہر کی آبادی کو دانستہ طور پر مردم شماری میں کم دکھایا گیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید کی رہائشگاہ پر اپنے اعزاز میں دئیے ظہرانے کے موقع پر خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ ہم کراچی کو اسکا کھویا مقام دلائینگے اور اس کیلئے ہم سب کو ذاتی آنا سے ہٹ کر متحد ہونا ہوگا، ہم پاکستان کی ترقی کیلئے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ قبل ازیں شاہی سید نے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو حقیقی قوم پرست سمجھتا ہوں انہوں نے اپنے صوبے میں کام کر کے دیکھایا ہے۔ گزشتہ 30 سال میں کراچی نے بہت زخم کھائے ہیں ہم ایک مرتبہ پھر اس شہر کو روشنیوں کا شہر بنانا چاہتے ہیں ا ور سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں ماضی میں جو کچھ ہوا اس کا سب سے زیادہ نقصان ارودو بولنے والوں کو ہوا ہے ۔ شہباز شریف نے لیاری میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں لیاری کی عوام کے پاس بطور صدر پاکستان مسلم لیگ ن کے حاضر ہوا ہوں، 2013 کے انتخابات کے بعد میاں نواز شریف کراچی میں امن لے کر آئے، کراچی میں روزگار کے مواقع،بلا سود قرضوں کی فراہمی کے بغیر امن ممکن نہیں، مجھے دکھ ہوتا ہے کہ لاہور میں میٹرو بس بھی بن گئی لیکن کرا چی میں کچھ بھی نہیں ہوا۔ اگر ہمِیں 2018 مِیں موقع ملا تو کراچی کے ہر گھر میں پانی آئے گا۔ اگر آپ کراچی کی ترقی چاہتے ہیں تو مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں۔ عمران خان کی باتیں بھی قصہ خوانی بازار کی طرح صرف قصے ہیں۔ گلشن غازی بلدیہ ٹاون اور شہباز شریف نے الفتح گراونڈ میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میں آج پہلی بار بلدیہ ٹاون آیا ہوں، راستہ مِیں جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر موجود تھے۔ کراچی کو کسی کی نظر لگ گئی ہے،2018 میں انتخابات میں اگر ہم جیتیں تو کراچی کو لاہور بنا کر دکھاونگا۔

تازہ ترین