• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 3،مئی سے فعال ہو جائے گا

نیا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 3،مئی سے فعال ہو جائے گا

اسلام آباد (حنیف خالد) اسلام آباد کا نیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ 3؍ مئی سے فعال ہو جائے گا۔ دارالحکومت کا یہ ایئرپورٹ ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے جہاں جدید ترین سہولتیں اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس ایئرپورٹ کے ذریعے سالانہ 90؍ لاکھ مسافر سفر کر سکیں گے، سالانہ مجموعی صلاحیت 2؍ کروڑ 50؍ لاکھ مسافروں کی ہے۔ یہ بات سول ایوی ایشن کے ایک سینئر عہدیدار سید آفتاب گیلانی نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئی بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایئرپورٹ آپریشنل لحاظ سے بھرپور صلاحیتوں کا حامل ہوائی اڈہ ہے، یہاں دو رن وے ہیں، سب سے بڑا مسافر طیارہ ایئربس A-380 بھی یہاں اتر سکتا ہے، اس طرح اسلام آباد ایئرپورٹ دنیا کے ان ہوائی اڈوں میں شمار ہو سکے گا جہاں دنیا کا سب سے بڑا مسافر طیارہ اتر سکتا ہے۔ پرانے ایئرپورٹ کے برعکس، یہاں اخراج کیلئے تین تیز رفتار ٹیکسی ویز ہیں جو طیارے کو فوری طور پر رن وے سے ہٹانے میں مدد دیتے ہیں۔ پرانے ایئرپورٹ پر طیارے کو رن وے سے ہٹانے کیلئے پانچ منٹ لگتے تھے جس کی وجہ سے آنے والے طیاروں کی آمد اور نئی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوتی تھی بلکہ اضافی ایندھن بھی خرچ ہوتا تھا۔ یہ مسئلہ نئے ایئرپورٹ پر ختم ہوگیا ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سول ایوی ایشن کے عہدیدار نے بتایا کہ اگر کسی ایمرجنسی کی وجہ سے مرکزی رن وے بند ہوجاتا ہے تو دوسرے رن وے کو بوئنگ 777؍ جیسے طیاروں کو اتارنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح ایئرپورٹ کے آپریشنز میں رکاوٹ نہیں آئے گی۔ دو رن ویز کے ساتھ مینٹیننس کا کام بھی موثر انداز میں کیا جا سکے گا۔ پرانے ایئرپورٹ پر 11؍ جبکہ نئے ایئرپورٹ پر 33؍ اسٹینڈز ہیں جس میں 15؍ بیز اور جدید ترین بورڈنگ برج سہولتیں شامل ہیں۔ دو اسٹینڈز پر ایئربس A-380 جیسے طیاروں کیلئے ٹرپل آرم برج ہیں۔ نئے ایئرپورٹ پر ایل ای ڈی ایئرفیلڈ لائٹنگ سسٹم ہے جس سے رات کے وقت نیویگیشن میں آسانی ہوگی اور سا تھ ہی بجلی کی بچت ہوگی۔ 28-L کا مرکزی رن وے لینڈنگ کے جدید ترین نظام (انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم) سے مزئین ہے۔ پاکستان میں صرف لاہور ایئرپورٹ پر یہ سہولت موجود ہے۔ ایشیا میں دہلی اور لاہور ایئرپورٹ کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ اس سہولت کا حامل تیسرا ایئرپورٹ ہوگا۔ نئے ایئرپورٹ پر 70؍ انٹرنیشنل جبکہ 32؍ ملکی چیک ان کائونٹرز ہیں۔ لگیج کیلئے 5500 بیگز فی گھنٹہ جبکہ ملکی ایئرلائنز کیلئے 6000؍ بیگز فی گھنٹہ نمٹانے کی سہولت ہے۔ یہاں 2200؍ گاڑیوں کیلئے پارکنگ ہے جبکہ داخلہ اور اخراج کیلئے 9؍ مقامات مقرر کیے گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر تمام بیز پر فیول ہائیڈرنٹس موجود ہیں جن کی مدد سے طیاروں میں کم از کم وقت میں موثر انداز میں ایندھن بھرا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر سید آفتاب گیلانی پی ایس او ٹو ایوی ایشن ایڈوائزر نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آپریشنلائز کرنے کے بارے میں ہدایات جاری کی ہیں کہ وزیراعظم نے تمام اداروں سے کہا ہے کہ تین مئی 2018 کو آپریشنلائز ہونیوالے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سٹیٹ آف دی یارڈ ایکوئپمنٹکو سہولیات کی فراہمی یقینی بنایا جائے یہ جدید ترین سہولیات اور ٹیکنالوجی مسافروں کی پرسکون نقل و حرکت اور آمدورفت کیلئے معاون ثابت ہونا چاہئے۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شفٹنگ آف آپریشن ایکوئپمنٹ اور ہیومن ریسورس کو متعلقہ سرکاری محکمے اور آپریٹر یقینی بنائیں وزیر اعظم کے ایڈوائزر نے تمام سٹیک ہولڈرز سے کہا ہے کہ وہ نہ صرف نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ترین ایکوئپمنٹ اور ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائیں بلکہ ائیرپورٹ مسافروں کی پروسیسنگ کو موثر بنانےمیں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں وزیراعظم نے یہاں تک بھی ہدایت کی ہے کہ وہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر با اخلاق اچھی شہرت کا حامل تجربہ کار ،دیانت دار افسروں اور ملازمین تعینات کریں تا کہ مسافروں کو نئے ائیرپورٹ پر حقیقی معنوں میں مثبت تبدیلی کا احساس ہو اور وہ پاکستان کے تشخص کا اجاگر کیا کریں اس کیبنٹ سیکرٹریٹ کےایوی ایشن ڈویژن کے سینئر عہدیدار سید آفتاب گیلانی نے وزیراعظم کے ایڈوائزر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان کی ہدایات پر مبنی سرکاری لیٹر (سرکلر) ڈائریکٹر جنرل آف ایف آئی اے ڈی جی انسداد منشیات فورس، چیئرمین پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن ، ڈائریکٹر کسٹم اسلام آباد ، ائیر بلیو،سیرین ائیر لائن، شاہین ائیر لائن، شاہین ائیرپورٹ سروسز، ڈینٹا (DENTA) کے نائب صدر ، پاکستان سول ایسوسی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ، ائیرپورٹ سیکورٹی، فورس کے ڈائریکٹر جنرل ، انٹرنیشنل ائیرلائنز کمپنی لمیٹڈ کے صدر و چیف ایگزیکٹو ، افسروں کو فوری تعمیل کیلئے بھجوا دیا ہے۔ہفتہ رواں مین ڈویژنل کمشنر راولپنڈی، چیئرمین نیشنل ہائی ویز اتھارٹی، میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ تک جانے والی شاہراہوں کو اپنے اپنے انداز میں خوبصورت بنانے کا آغاز کر دیں گے۔ شاہراہوں کے دونوں جانب اور وسط میں لگے تمام کروو سٹون (CURV STONE)پر پیلا اور کالا پینٹ کیا جائیگا۔ تمام شاہراہوں کی ہنگامی بنیادوں پر تزئین و آرائش اور ضروری مرمت شروع کر دی جائیگی۔ زیرو پوائنٹ اسلام آباد سے پشاور روڈ چوک سے آگے پشاور اسلام آباد موٹروے کو ٹچ کرنے والی کشمیر ہائی وے کو بالخصوص خوبصورت ہرلحاظ سے بنایا جائیگا۔ اس سگنل فری کشمیر ہائی وے پر فیوز بلبوں کو تبدیل کر دیا جائیگا۔ موٹروے سے ائیرپورٹ تک 5 سے 7 منٹ کی مسافت والے سگنل فری ایکسپریس وے کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہر لحاظ سے خوبصورت بنانے کی ذمہ دار قرار دی گئی ہے۔ موٹروے سے ائیرپورٹ تک متبادل ہائی وے کو تھلیاں انٹرچینج سے نیو ائیرپورٹ تک لین مارکنگ اور نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کے سائن بورڈ اچھی طرح نصب کرنے کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے اور مارکنگ اور سائنج( Sinage)اور برقی بلبوں کی تبدیلی کا کام وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن ڈویژن سردار مہتاب احمد خان نے 30 اپریل تک ہر لحاظ سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سول ایوسی ایشن اتھارٹی کے سینئر عہدیدار سید آفتاب گیلانی کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد سے نیو اسلام آباد ائیرپورٹ تک جانے کیلئے فضائی مسافروں کی رہنمائی کی خاطر انتہائی خوبصورت سائن بورڈ لگائے جائیں گے ۔ ائیرپوائنٹ سے پشاور روڈ کے نقطہ ابصال (کراسنگ پوائنٹ) تک سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد کشمیر ہائی وے کو مختلف انداز میں خوبصورت بنائیں گے تاکہ 3 مئی کو نیو ائیرپورٹ جو 80 ارب روپے سے زائد لاگت سے بنا ہےاسکے آپریشنل لائز ہونے کے موقع پر تمام سڑکوںکو باوقار انداز میں خوبصورت بنایا جاسکے۔

تازہ ترین