• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشتون بھائیوں کو فوری رہا کیا جانا چاہیے مریم، احتجاج ہر پاکستانی کا حق، بلاول

پشتون بھائیوں کو فوری رہا کیا جانا چاہیے مریم، احتجاج ہر پاکستانی کا حق، بلاول

لاہور(خبرایجنسی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری سمیت دیگر سیاستدانوں نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم)کے رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے حق کی حمایت کردی، مریم نواز کا کہناہےکہ پشتون بھائیوں کو فوری رہا کیا جانا چاہیے جبکہ بلاول کا کہناتھاکہ احتجاج ہر پاکستانی کا حق، پی ٹی ایم علیحدہ نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی ایم کی جانب سے لاہور کے موچی گیٹ پر ریلی کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا تاہم ضلعی انتظامیہ نے انہیں ریلی کی اجازت نہیں دی تھی اور اس کے بعد تنظیم کے رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس پر پی ٹی ایم نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پشتون بھائیوں کو فوری رہا کیا جانا چاہیے اور جلسہ کی اجازت دی جانی چاہیے، یہ ملک اتنا ہی ان کا ہے جتنا ہم سب کا،انہوں نے ایک علیحدہ ٹوئٹ میں کہا کہ ظلم و زیادتی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو زبردستی دبانے کی کوشش نہ کبھی کامیاب ہوئی اور نہ ہوگی، وجوہات کا سد باب کیا جائے۔دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے اپنےسوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ ہر پاکستانی کو احتجاج کا حق ہے اور پی ٹی ایم علیحدہ نہیں ، انہوں نے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) کے تا حیات قائد نواز شریف کی جانب سے لگائے جانے والے حالیہ نعرے ووٹ کو عزت دو کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔بعد ازاں سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے پشتون تحفظ موومنٹ کے حق میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور میں پشتون اجتماع پر پابندی عائد کرنا تکلیف دہ امر ہے، یہ وقت ان کے زخم بھرنے کا ہے۔سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نہ صرف لاہور میں بیان کیے جانے والے دکھوں اور تکلیفوں کو سنے بلکہ ان کی آوازوں کو بند کرنے کے بجائے ان کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے،ماضی کے تلخ تجربات سے سبق سیکھنا چاہیے یہ وقت قومی یکجہتی کا ہے۔

تازہ ترین