• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
جاپان میں خود کار نظام کے تحت چلنے والی گاڑی متعارف

جاپان میں معروف آٹوموبائل کمپنی کی جانب سے خود کار نظام کے تحت چلنے والی گاڑی متعارف کرادی گئی ہے جس کے تحت گاڑی مالکان اب طویل فاصلہ بغیر کسی پریشانی کے طے کرسکیں گے ۔


گاڑیاں تیار کرنے والی جاپان کی معروف کمپنی لیکسس نے پانچ ہزار س سی کی گاڑی متعارف کرائی ہے جس میں ایسا خود کار نظام متعارف کرایا گیا ہے جس کو ایک مرتبہ سیٹ کرنے کے بعد ڈرائیور بے فکر ہوکر بیٹھ سکتا ہے اور گاڑی ایک مخصوص رفتار سے خود چلتی رہتی ہے ۔

جاپان میں خود کار نظام کے تحت چلنے والی گاڑی متعارف

اس گاڑی میں موجود درجنوں سینسرز کے ذریعے باآسانی سامنے اور اطراف میں چلنے والی گاڑیوں سےایک مخصوص فاصلہ برقرار رکھا جاسکتا ہے جبکہ گاڑی میں موجود ریڈار اور سیٹلائیٹ سسٹم کے ذریعے آگے اور پیچھے جبکہ دائیں اور بائیں آنے والے ٹریفک پر بھی نظر رکھی جاسکتی ہے ۔

جاپان میں اس گاڑی کو خریدنے والے پہلے پاکستانی معروف کاروباری شخصیت اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کا کہنا ہے کہ جاپان کی ٹرانسپورٹ کی وزارت جاپان کے ہائی ویز پر ایک مخصوص ٹریک تیار کررہی ہے جہاں خود کار طریقے سے چلنے والی آٹو پائلٹ گاڑیاں چلائی جا ئیں گی۔

موجودہ گاڑی کی قیمت جاپانی ین میں دو کروڑ ین ہے جبکہ اس گاڑی کو اگر پاکستان منگوایا جائے تو ڈیوٹی سمیت یہ گاڑی پانچ کروڑ پاکستانی روپے کی لاگت میں پاکستان پہنچ سکتی ہے۔

رانا عابد کے مطابق جاپان میں ابھی ان گاڑیوں کو ابتدائی طورپر متعارف کرایا گیا ہے لہٰذا بہت محتاط ہو کر انہیں چلایا جاتا ہے تاہم مستقبل قریب میں جاپان میں آٹو پائلٹ گاڑیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے جبکہ قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ہے۔

تازہ ترین