• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
منصور احمد کی علاج کیلئے بھارت سے اپیل

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر اولمپین منصور احمد نے بھارتی حکومت سے دل کی پیوند کاری کے سلسلے میں مدد کی اپیل کردی ہے ۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق منصور احمد نے یہ اپیل انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی ہے کیونکہ ان کے ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ دل کی پیوندکاری سے ان کی حالت میں بہتری آسکتی ہے ۔

منصور احمد جو کافی عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور اس وقت بھی کراچی میں امراض قلب کے قومی ادارے میں زیر علاج ہیں تاہم ان کی حالت بہتر نہیں بتائی جارہی ہے۔

قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر کی طبیعت تین روز قبل بگڑ گئی تھی جس پر انہیں دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا تھا ،ڈاکٹروں نے صورتحال کو سنبھالا دیا اورانہیں بتایا کہ دل کی پیوندکاری سے ان کی حالت بہتر ہوسکی ہے اور یہ علاج آج کل انڈیا میں کامیابی سے ہورہا ہے ۔

پاکستان کے سابق اولمپین نے بھارتی حکومت خاص طور پر وزیر خارجہ سشما سوراج سے اپیل کی کہ وہ انہیں علاج کےلئے ویزہ جاری کریں اور ان کی اپیل پر انسانی ہمدردی کےطور پر غور کریں۔

منصور احمد کی شاندار گول کیپنگ کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کی سرزمین 1994ء میں ورلڈ کپ جیتا تھا ،اسی سال انہوں نے لاہور میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا۔

ہاکی ٹیم کےسابق گول کیپر کے علاج معالجے میں سابق قومی کرکٹر شاہد خان آفریدی نے گہری دلچسپی ظاہر کی ہے،وہ منصور احمد سے ملنے کے ان کے گھر بھی گئے اور ان کے علاج کےلئے تمام اخراجات برداشت کرنےکا اعلان بھی کیا تھا ۔

تازہ ترین