• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کے عوام جدوجہدجاری رکھیںگے ، برطانیہ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کا احساس کرے، وزیراعظم آزادکشمیر

مقبوضہ کشمیر کے عوام جدوجہدجاری رکھیںگے ، برطانیہ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کا احساس کرے، وزیراعظم آزادکشمیر

برمنگھم (ابرار مغل)وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ سربراہ کانفرنس کے موقع پر بھارتی ظالم اور سفاک وزیراعظم کے خلاف کشمیریوں کے پرامن احتجاج نے ثابت کردیا ہے کہ کشمیری صدیوں تک بھارت کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ عالمی برادری بالخصوص برطانیہ کو مسئلہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیکر کشمیریوں کو پیدائشی حق دلانے کیلئے تاریخ ساز کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم میں نوجوان سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری جعفیرحسین بڈھار کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں ایم ایل اے ڈڈیال کے اوورسیز کوآرڈینیٹر چوہدری محمد شکیل، حاجی محمد فضل، چوہدری ریاض سورکھوی، چوہدری آفتاب، چوہدری صابر حسین، پہلوان محمد راسب آف سیاکھ، چوہدری مشتاق، راجہ رفاقت، چوہدری اللہ دتہ، سلیم بٹ، شاہ نواز کیانی، مرزا محمد عارف، پہلوان اظہر بھٹی، امین چوہان، عرفان چوہان، توقیر مرزا، راجہ توصیف کیانی، ملک منظور حسین، شفیق پلالوی، حنیف سورکھوی سمیت کثیر تعداد نے شرکت کی۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ برطانوی اوورسیز کشمیریوں نے ہر دور کے اندر برطانیہ جیسے عالمی سیاسی پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ برطانیہ میں ہونے والے پرامن احتجاج کو عالمی برادری سنجیدگی سے لیکر کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر پر اپنی غیرمنصفانہ جنگ ہار چکا ہے۔ دنیا تیزی سے بھارت کے اصل چہرے سے آگاہ ہورہی ہے۔ اپنی ہار کا بدلہ بھارت لائن آف کنٹرول کے اس پار مظلوم و محکوم کشمیریوں سے لے رہا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے لائن آف کنٹرول کے شہداء کو سرکاری اعزاز کے ساتھ مدفون کرنے کا تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے۔ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو بھارت کبھی بھی اسطرح کی حرکتوں سے پست نہیں کرسکتا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر کشمیری پرعزم ہوکر بھارتی گولہ باری کا مقابلہ کررہے ہیں۔ راجہ فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے بعد دورہ برطانیہ کے دوران تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر مزید فعال اور موثر بنانے کی جامع حکمت عملی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر میزبان تقریب چوہدری جعفیربڈھار نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی تعمیروترقی اور مسئلہ کشمیر کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان نے صحیح معنوں میں کشمیری ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ چوہدری محمد شکیل اور دیگر نے مختلف علاقوں میں تعمیروترقی بالخصوص دھان گلی سڑک کی تعمیر پر اہالیان برطانیہ کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعمیروترقی سے نہ صرف خطہ کشمیر بلکہ برطانوی کشمیری کمیونٹی بھی مستفید ہوسکے گی۔ جبکہ مختلف شرکاء نے بھی مختلف مسائل اور سیاسی امور کے بارے میں وزیراعظم آزاد کشمیر سے تفصیلی بات چیت بھی کی۔

تازہ ترین