• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈس ہسپتال نیٹ ورک کو پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں تقریبات کی اجازت

لندن( جنگ نیوز) انڈس ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کے ایک وفد نے گزشتہ روز نیٹ ورک کے بانی ڈاکٹر عبدالباری کی قیادت میں لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس سے ملاقات کی یورپی پارلیمنٹ کے رکن سجاد کریم بھی جو نیٹ ورک کی مدد کرتے ہیں ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر عبدالباری نے پاکستانی ہائی کمشنر کو انڈس ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات بتائیں اور نیٹ ورک کا آغاز 2007میں کیاگیا تھا اور مخلص ڈاکٹروں ،صنعت کاروں تاجروں اورمخیر افراد کے تعاون سےاس نے پاکستان میں علاج معالجہ کا تصور ہی تبدیل کردیاہے ،اس نے کراچی کے نواحی علاقے میں ایک تیسرے درجے کے ہسپتال سے آغاز کیاتھا لیکن بہت ہی کم مدت میں مفت معیاری علاج انڈس ہسپتال کی پہچان بن گیا،انھوں نےکہا کہ پاکستان میں علاج معالجے کی ضرورت پوری کرنے کیلئے ایسے مزید نیٹ ورکس کی ضرورت ہے ،ہائی کمشنر نے بیرون ملک کام کرنے والے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر اپنے وطن کی خدمت کریں، اس حوالے سے انھوں نے مشن کو لندن میں ہائی کمیشن میں اپنی تقریبات منعقد کرنے کی اجازت دی اور مشن کی سفارش پر ڈاکٹروں کو پاکستان کے ویزافراہم کرنے کابھی وعدہ کیا،ہائی کمشنر نے مشن کی مدد کرنے پر سجاد کریم کی تعریف کی ، انھیں بتایاگیا کہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے انڈس ہسپتال کی خدمات کادائرہ وسیع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،وفد میں شامل دیگر ارکان میں کریم پراچہ، ابراہیم جمالی، انور زیدی، مکرم ستار اورفراز خان شامل تھے۔پاکستانی ہائی کمشنر کوانڈس ہسپتال کی جانب سے مختلف اداروں اورتنظیموں کے اشتراک سے آئو ٹی بی مٹائو، مہم کے بارے میں آگاہ کیا اور اس پروگرام کے تحت اب تک 1.7 ملین افراد کی ٹی بی کی سکریننگ کی جاچکی ہے ،ملیریا پروگرام کے تحت ملیریا کا معیاری علاج فراہم کیاگیا اور دیہی علاقوں کے ایک کروڑ سے زیادہ افراد کو ملیریا سے بچائو اورعلاج کی سہولتیں بہم پہنچائی گئیں اس کے علاوہ دسمبر 2016 سے پاکستان میں 18 ناقابل رسائی دور دراز دیہات میںایچ آئی وی پروگرام بھی شروع کیاگیا ہے۔

تازہ ترین