• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر میں مظالم پر انسانی حقوق کی تنظیموں کا رویہ معاندانہ ہے، رانا بشارت

لندن(پ ر) عالمی تحریک انسانی حقوق برطانیہ کے صدر رانا بشارت علی خان نے کہا ہے کہ کشمیر میں حق رائے دہی کے لئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا رویہ معاندانہ ہے۔ کشمیر کی آزادی کی جنگ صرف کشمیر کے نہتے عوام لڑ رہے ہیں جبکہ کشمیری قیادت مصلحتوں کا شکار ہوچکی ہے۔ کشمیر کے عوام کو بھارتی درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر کشمیری لیڈر ذاتی سیاست چمکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری لیڈروں کی مصالحت پسندانہ سیاست کی وجہ سے دنیا کی تنظیموں نے بھی کشمیری عوام کے حق رائے دہی کے مطالبے پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ کشمیر کی تحریک آزادی کے نام پر ذاتی مفادات اور دنیا کے سیر سپاٹوں میں مصروف کشمیری لیڈرامریکہ، یورپ اور دنیا کے ممالک کے دورے کر کے ذاتی سیاست چمکا رہے ہیں۔ کشمیر کے عوام کے مطالبات کو اقوام متحدہ نے بھی تسلیم کیا اور اپنی قراردادوں میں تسلیم کیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جائے اور بھارتی قابض حکمرانوں کو پابند کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اس بات کا حق دیا جائے کہ وہ اپنی ریاست کے لئے کس حیثیت کا انتخاب کرتے ہیں۔ رانا بشارت علی خان نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دنیا کی تمام تنظیمیں کشمیر کے عوام پر ہونے والے ظلم و ستم پر توجہ دیں اور کشمیر کے نہتے شہریوں، عورتوں ، بچوں اور بوڑھوں پر اسلحے کے استعمال کا راستہ روک کر بھارتی قابض افواج اور بھارتی حکومت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل یقینی بنائیں۔ کشمیر کے عوام پر ظلم و ستم کے سلسلے کا نہ روکا گیا تو بھارتی ظلم کے ستائے ہوئے عوام کا اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں پر اعتماد ختم ہوجائے گا۔
تازہ ترین