• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد، 8 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ، پانی کا بحران ، شہری اذیت میں مبتلا

حیدرآباد، 8 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ، پانی کا بحران ، شہری اذیت میں مبتلا

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور پانی کےبحران نے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا، حیسکو کی جانب سے 8 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری اور شہر کے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت برقرارہے، جبکہ لطیف آباد کے بیشتر علاقوں میں پانی کی لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، واسا اور حیسکو دفاتر کے چکر کاٹنے والے شہری تھک کر مایوس ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن نے موسم گرما سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بتدریج اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے شہری جبر کی چکی میں پسنے پر مجبور ہیں۔ قاسم آباد کے نسیم نگر چوک، مصطفی ٹاؤن فیز ون اور ٹو، سحرش نگر، شیدی گوٹھ، فراز ولاز، وادھو واہ، پکوڑا چوک جبکہ لطیف آباد نمبر 3‘ 4‘ 5‘8‘ 10 اور دیگر یونٹس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 5 تا 8 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے، ضلع کی دیگر تحصیلوں اور علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کے اوقات میں من مانہ اضافہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ متعدد علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے، واٹر سپلائی کی لائینوں میں پانی دستیاب ہی نہیں ہے۔ اس ضمن میں شہری پیاس بجھانے اور کھانے پینے کے لئے مارکیٹوں سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں جہاں پر دکاندار اور تاجر منہ مانگنے دام وصول کررہے ہیں، اور پانی کی فروخت کے نام پر شہریوں سے پیسوں کی لوٹ کھسوٹ کو معمول بنایا ہوا ہے۔ جنگ کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق لطیف آباد نمبر 4، قاسم آباد کے علمدار چوک اور دیگر مقامات پر واسا کی جانب سے بچھائی گئی پانی کی پائپ لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جن کی برسوں سے مرمت نہیں کرائی گئی ہے۔

تازہ ترین