• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ گیمز میں ناقص گدے کیوں استعمال ہوئے، تحقیقات شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے سندھ گیمز میں ناقص کوالٹی کے میٹرس کے استعمال کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ اسپورٹس بورڈ نے تحقیقات کے لئے ایتھلیٹکس کوچ عبداللہ چانڈیو کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے تین دن میں جواب طلب کر لیا ہے۔ حکومت سندھ کے محکمہ کھیل کے مطابق لانگ جمپ ایونٹ میں بد انتظامی کے واقعے کو میڈیا نے شہ سر خیوں سے جگہ دی۔ جس سے کھلاڑیوں کو معمولی چوٹیں آئیں اور گیمز کی بدنامی ہوئی۔ شوکاز نوٹس کے جواب کے بعد ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ادھرصوبائی وزیر کھیل محمد بخش مہر نے سندھ گیمز کے انتظامات کا ذمہ دار وفاق کو ٹھہرایا ہے۔ جیو سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ گیمزکے انتظامات کی ذمے داری صوبائی حکومت کو نہیں ملی یہ وفاق کے پاس تھی۔ خراب گدے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فراہم کیے، خراب گدوں کے ذمے داروں کو فوری طور پر معطل کردیا گیا تھا۔ گیمز کے 15 مقامات پر مقابلے ہوئے جس میں صرف نیشنل کوچنگ سینٹر سے شکایت آئی۔ایتھلیٹکس مقابلے نیشنل کوچنگ سینٹر میں ہی ہوسکتے تھے، کراچی میں اس کیلئے دوسرا وینیو موجود نہیں۔ حیدرآباد میں بین الاقوامی معیار کا ایتھلیٹکس ٹریک بنایا جارہا ہے۔
تازہ ترین