• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یمن،شادی کی تقریب پر بمباری، دلہن سمیت 20 جاں بحق

یمن،شادی کی تقریب پر بمباری، دلہن سمیت 20 جاں بحق

صنعاء (جنگ نیوز) یمن کے شمالی علاقے میں اتحادیوں کی مبینہ بمباری میں دلہن سمیت 20افراد جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یمن کے شمالی صوبے حجہ کی وزارت صحت کے اعلیٰ عہدیدار خالد النادہری کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جو ایک شادی کی تقریب کیلئے لگائے گئے ٹینٹ میں جمع تھے۔ان کا کہنا تھا کہ حجہ کے ضلع بنی قیس میں ہونے والے اس شادی کی تقریب میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں دلہن بھی جاں بحق ہو گئیں۔ حملے میں دولہا سمیت 45 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 30 بچے شامل ہیں، مقامی اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، انہوں نے خون کے عطیات کی اپیل بھی کی ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کی طرف سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ دونوں میزائل حملے جنوبی شہر جازان میں واقع سعودی عرب کی سرکاری آئل کمپنی آرامکو پر کیے گئے۔ حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے آرامکو کے زیر استعمال ایک بندرگاہ کو نشانہ بنایا ہے لیکن کسی بھی جانی و مالی نقصان کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق یمن کے شمالی صوبے حجہ میں اتحادیوں کی بمباری میں مبینہ طور پر دلہن سمیت 20 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ مقامی اسپتال الجمہوری کے سربراہ محمد الصومالی کا کہنا تھا کہ دولہا سمیت 45 زخمیوں کو لایا گیا تھا جہاں محکمہ صحت کی جانب سے خون کے عطیات دینے کی درخواست کی گئی۔اسپتال کے ڈپٹی ہیڈ علی نصیر الزب کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں30بچے بھی شامل ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔ واقعے کے بعد جاری ہونے والی ویڈیو میں بکھرے ہوئے انسانی اعضا اور جاں بحق فرد سے لپٹا ایک بچہ، لوگوں کو چیختے اور چلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان عبدالحکیم الکہلان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد مزید بمباری کے خوف سے ایمبولینس بھی امدادی کام کیلئے نہیں پہنچ سکی تھیں۔خیال رہے کہ یمن میں گزشتہ ہفتے کے اواخر سے اب تک یہ تیسرا بدترین فضائی بمباری کا واقعہ ہے۔خالد النادہری کا کہنا تھا کہ صوبہ حجہ میں اتوار کو ہونے والی فضائی کارروائی میں ایک خاندان کے پانچوں افراد کو نشانہ بنایا گیا تھا۔یمن کے جنگ ذدہ مغربی صوبے مواضعہ میں 21 اپریل کو سعودی اتحادیوں کی جانب سے مسافر بس پر کی گئی بمباری کے نتیجے میں 20 شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔سعودی عرب کے اتحادیوں کی جانب سے حالیہ کارروائیوں پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

تازہ ترین