اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان اور ایران نے گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد کیلئے کوئی حل نکالنے پر اتفاق کیا ہے اور دونوں ممالک کے متعلقہ حکام رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ کے آغاز میں تہران میں مذاکرات کے سیشن منعقد کریں گے۔ پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ان مذاکرات میں امریکی پابندیوں کی موجودگی میں منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے متعلق حل ڈھونڈا جائے گا ۔ گیس کی قیمت کے حوالے سے دونوں ممالک 2009ء میں ہونے والے گیس کی خرید و فروخت کے معاہدے بشمول جرمانے کی شق کا جائزہ لیں گے کیونکہ پاکستان اب قطر سے ایل این جی درآمد کررہا ہے اور تاپی منصوبے میں بھی گیس کے نرخ طے ہوچکے ہیں ۔