• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی کونسل آج18کھرب کے وفاقی وصوبائی ترقیاتی پروگرام کی منظوری دیگی

اقتصادی کونسل آج18کھرب کے وفاقی وصوبائی ترقیاتی پروگرام کی منظوری دیگی

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ) معاشی فیصلہ سازی کا ملک کےسب سے اہم فورم قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگاجس میں آئندہ مالی سال 2018-19 کیلئے سا لا نہ ترقیاتی پروگرام اورمیکرو اکنامک فریم ورک کے تحت معاشی اہداف کی منظوری دی جائیگی ، اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا ، قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 800ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی پروگرام اور صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 1013ارب روپے کی منظوری دی جائیگی، برآمدات کا ہدف 31کھرب، 67ارب اور درآمدات کا ہدف65کھرب، 54ارب روپے رکھا جائیگا، تاہم وزارت منصوبہ بندی نے وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 1030ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کی منظوری کی تجویز دی ہوئی ہے اس میں 930ارب روپے معمول کے پی ایس ڈی پی جبکہ 100ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منظوری دینے کی سفارش کی گئی ہے ، اس حوالے سے اجلاس میں تفصیلی غور کیا جائیگا ، بجٹ دستاویزات کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے معاشی اہداف کے تحت اقتصادی شرح نمو 6.2فیصد ،مہنگائی کی متوقع شرح 6فیصد مقر رکرنے کی منظوری دی جائیگی ، برآمدات کا ہدف 27ارب30کروڑ ڈالر( 31کھرب 67ارب روپے )اور درآمدات کا ہدف 56ارب50کروڑ ڈالر(65کھرب 54ارب روپے ) رکھا جائیگا جس سے 29ارب20کروڑ ڈالر (34کھرب روپے )تجارتی خسارہ متوقع ہے زراعت کے شعبے کا ہدف 3.8فیصد ، صنعتی ترقی کا 7.6فیصد اور سروسز کے شعبے کا 6.5فیصد مقرر کرنے کی منظوری دی جائیگی ، ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کیلئے پیکچ دینے کی بھی منظوری دی جائیگی، ٹیکسٹائل کے شعبے کو مزید مراعات دینے پر غور کیا جائیگا اور توقع ہے کہ ایک سو ارب روپے کے برآمد ی پیکچ دیاجائے ، توانائی کے شعبے میں سبسڈی کو کم کرنے کی بھی تجویز ہے ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجویز کو بھی زیر غور لایا جائیگا ،ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میںپورے سال یا چار ماہ کا بجٹ پیش کرنے پر غور کیا جائیگا کیونکہ اپوزیشن کی جماعتیں چار ماہ کا بجٹ پیش کرنےپر زور دے رہی ہیں ۔

تازہ ترین