• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی دستاویزات میںنواز، مریم کا نام نہیں،مالک نیسکول اور نیلسن ہیں، ڈی جی نیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ+ خصوصی رپورٹ) احتساب عدالت میں ڈی جی نیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نئی دستاویزات میں نواز، مریم کا نام نہیں، مالک نیسکول اور نیلسن ہیں، یوٹیلٹی بلز،کونسل ٹیکس دستاویزات پیش کردیئے گئے،دوران سماعت وکیل صفائی خواجہ محمدحارث اور ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، واجد ضیاء کی عدم حاضری ،العزیزیہ ریفرنس کی سماعت ملتوی،وکیل مریم آج گواہ پر جرح کرینگے ،فلیگ شپ ریفرنس میں بھی بیان قلمبند کیا جائیگا،تفصیلات کے مطابق احتساب کورٹ اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز فیملی کے خلاف ریفرنسز کی سماعت منگل دن ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردی ہے۔ لندن فلیٹس بارے نئے شواہد پیش کرنے والے نئے گواہ نیب کے ڈی جی آپریشنز ظاہر شاہ نے پیر کو اپنا بیان قلمبند کرادیا اور لندن فلیٹس کے دستاویزات اور یوٹیلٹی بلز عدالت میں پیش کردیئے۔ سماعت کے دوران وکیل صفائی خواجہ محمدحارث اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔فاضل جج نے گواہ کو پراسیکیوٹر ز سے مشاورت سے منع کردیا۔ منگل کو مریم نواز کے وکیل امجد پرویز گواہ ظاہر شاہ پر جرح کریں گے۔ نیب کی جانب سے اضافی دستاویزات کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنانے کے لئے ڈی جی آپریشنز نیب کو بطور گواہ پیش کیا گیا۔ظاہر شاہ نے دستاویزات عدالت میں پیش کر دیں۔ ایون فیلڈ لندن فلیٹس کی آفیشل رجسٹرڈ کاپیاں اورفلیٹ نمبر سولہ، سولہ اے، سترہ اور سترہ اے کی دستاو یزا ت پیش کی گئیں۔ ظاہر شاہ نے لندن فلیٹس کے یوٹیلٹی بلز بھی عدالت میں پیش کر دیئے۔ادا کئے گئے کونسل ٹیکس کی دستاویزات بھی پیش کی گئیں۔یہ دستاویزات جے آئی ٹی کے ایم ایل ایز کے جواب میں موصول ہوئی ہیں۔عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات پر خواجہ حارث نے اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ دستاویزات قانونی طریقہ کار کے مطابق اصل نہیں اور نہ تصدیق شدہ ہیں،جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیاکہ دستاویزات یوکے سنٹرل اتھارٹی سے گواہ کے نام پر ہائی کمیشن کو موصول ہوئیں۔انہو ں نے دعویٰ کیا کہ یو کے سنٹرل اتھارٹی سے ملنے والی دستاویزات کو کہیں اور سے تصدیق کرانے کی ضرورت نہیں۔قبل ازیں جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کی عدم حاضری کے باعث فاضل عدالت نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی سماعت منگل دن ساڑھے گیارہ تک کے لیے ملتوی کر دی۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ نے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے بتایا کہ میں نیب ہیڈ کوارٹر زمیں بطور ڈی جی آپریشنز کام کر رہا ہوں اور بین الاقوامی تعاون کے امور کی نگرانی کرتا ہوں۔ گواہ نے بتایا کہ لندن فلیٹس ریفرنس میں نئی دستاویزات ملی ہیں جو برطانوی ہائی کمیشن کے ذریعے موصول ہوئیں اور یوکے ہائی کمیشن کے اسلام آباد میں نمائندے عثمان احمد نے دستاویزات ’’میرے ‘‘حوالے کیں۔
تازہ ترین